سماجی انصاف کیلئے بنے گا سیکولر مورچہ، ملائم ہوں گے صدر : شیوپال

لکھنؤ، 5 ؍مئی(آئی این ایس انڈیا ) اکھلیش یادو سے ایس پی صدر کا عہدہ چھوڑ کر اسے ملائم سنگھ یادو کو سونپنے کا مسلسل مطالبہ کر رہے سینئر لیڈر شیوپال سنگھ یادو نے آج سماجی انصاف کے لیے ایک سیکولر مورچہ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایس پی بانی ملائم سنگھ یادو اس کے چیئرمین ہوں گے۔شیو پال نے اٹاوہ میں اپنے بہنوئی اجنٹ سنگھ کے گھر پر ملائم کے ساتھ ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ سماجی انصاف کے لیے سیکولر مورچہ بنے گا اور نیتا جی(ملائم سنگھ )اس کے قومی صدر ہوں گے، حالانکہ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ اس مورچہ کی شکل کیسی ہوگی؟ اور یہ کس طرح کام کرے گا۔غورطلب ہے کہ ایس پی ممبر اسمبلی اور پارٹی کے سینئر لیڈر شوپال نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ اکھلیش اپنے وعدے کے مطابق ملائم کو پارٹی صدر کا عہدہ سونپ دیں ، اگر اکھلیش ایسا نہیں کرتے ہیں تو وہ الگ سیکولر مورچہ بنائیں گے۔اب شیوپال نے اس محاذ کا اعلان کر دیا ہے، اس لیے مانا جا رہا ہے کہ ملائم نے اکھلیش کے بارے میں حتمی فیصلہ لے لیا ہے۔گذشتہ یکم جنوری کو پارٹی کے قومی کنونشن میں ایس پی صدر منتخب کئے گئے اکھلیش یادو نے حال ہی اختتام پذیر یوپی اسمبلی انتخابات سے ٹھیک پہلے کہا تھا کہ ملائم صرف تین ماہ کے لیے انہیں سارے اختیارات سونپ دیں، الیکشن کے بعد وہ سارے اختیارات انہیں لوٹا دیں گے۔انتخابات میں سماج وادی پارٹی کو 403میں سے محض 47سیٹیں ملنے کے بعدپارٹی کے اندر اکھلیش کے خلاف آوازیں اٹھنے لگی تھیں۔شیوپال نے کئی موقعوں پر کہا ہے کہ اب اکھلیش کو اپنا وعدہ پورا کرنا چاہیے ،حالانکہ اکھلیش اس سوال پر کہتے ہیں کے پہلے اس بارے میں پارٹی کا آئین پڑھ لیا جائے ، اس کے بعد کوئی بات کی جائے۔