سندھو نے تاریخ رقم کی ، جیتاسلور

ریوڈی جنیرو19 اگست (ایجنسی):ریو اولمپک میں جمعہ کو بیڈمنٹن میں خواتین کی سنگلس کا فائنل کھیلا گیا۔ اس میچ میں بھارت کی پی وی سندھو اور اسپین کی عالمی نمبر ایک کھلاڑی کیرولینا مارین آمنے سامنے تھیں۔ کروڑوں ہندستانیوں کی نظریں سندھو پرٹکی تھیں۔ میچ انتہائی سنسنی خیز رہا لیکن ایک گھنٹہ 23 منٹ تک چلے میچ میں جیت آخر کار مارین نے حاصل کی۔ انہوں نے یہ مقابلہ 19-21,21-12,21-15 سے اپنے نام کیا۔ پی وی سندھو کو سلور میڈل پر قناعت کرنا پڑا۔ پی وی سندھو نے سلور میڈل جیت کر تاریخ رقم کردی۔ انہوں نے نہ صرف ریو اولمپک میں پہلا سلور میڈل جیتا بلکہ اولمپک کی تاریخ میں بھارت کی طرف سے سلور میڈل جیتنے والی پہلی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔ اس سے پہلے 4 خواتین کھلاڑیوں نے بھارت کیلئے کانسے کاہی میڈل جیتا تھا۔اولمپک کی تاریخ میں بھارت کی طرف سے یہ چوتھا انفرادی سلور میڈل ہے اس سے پہلے یہ کارنامہ راج وردھن سنگھ راٹھور نے شوٹنگ، سشیل کمارنے کشتی، اور وجئے کمارنے شوٹنگ میں انجام دیا ہے۔ سندھو نے پہلے سیٹ میں دم دار کھیل کا مظاہرہ کیا اور مقابلہ 19-21 سے جیتا لیکن دوسرے سیٹ میں مارین نے شاندار واپسی کی اور دوسرا سیٹ 21-12 جیت کر مقابلہ برابر کردیا۔ تیسرے اور فیصلہ کن سیٹ میں مارین نے 2 پوائنٹ جیت کر عمدہ آغاز کیا ۔ تیسرے پوائنٹ پر سندھو نے واپسی تو کی لیکن مارین نے چوتھے پوائنٹ میں پھر واپسی کرلی اور 6-1 سے آگے ہوگئیں۔ اس کے بعد سندھو نے دو لگاتار پوائنٹس حاصل کئے اور سبقت کو کم کرنے کی کوشش کی۔ دسویں پوائنٹ پر مارین نے سندھو نے بیک ہینڈ پر پیچھے دھکیلتے ہوئے پھر واپسی کی اور پھر لگاتار 4 پوائنٹ جیتتے ہوئے اسکور کو 9-4 کردیا۔ سندھو نے چوتھے پوائنٹ کے بعد اچانک دم دکھایا اور چار لگاتار پوائنٹ جیت کر اسکور کو 8-9 کردیا۔ اس کے بعد دونوں طرف سے زبردست مقابلہ ہوا اور سندھو لمبی ریلی کے بعد 10-10 کی برابری حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔ مڈگیم بریک تک مارین 11-10سے آگے تھیں۔ اس کے بعد مارین نے لگاتار 3 پوائنٹ حاصل کئے اور 4پوائنٹ کی سبقت لے لی۔ سندھو نے 11-14 پر ایک پوائنٹ سے واپسی کی لیکن مارین نے اس کے بعد پھر واپسی کی اور دو پوائنٹ لے کر 16-12 کرلیا۔ اس کے بعد سندھو نے پھر سے زور لگایا اور لگاتار دو پوائنٹ جیت کر مقابلے کو 14-16 تک پہنچایا لیکن اس کے بعد مارین نے لگاتار 4 پوائنٹ جیت کر اسکور کو 20-14 کردیا۔ اس کے بعد سندھو نے پھر ایک پوائنٹ لیا لیکن اگلا پوائنٹ مارین نے حاصل کر کے 21-15 سے یہ مقابلہ اپنے نام کرلیا۔ صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی ، وزیر اعظم نریندر مودی ، کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی ،بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار ،دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجریوال اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے سندھو کو سلور میڈل جیتنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔