سنسناٹی میں خطاب کیلئے ثانیہ ہنگس آمنے سامنے

سنسناٹی، 21 اگست (یو این آئی) ہندوستانی ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا اور ان کی نئی جوڑی دار جمہوریہ چیک کی باربورا سٹرائکووا سنسناٹی اوپن ٹورنامنٹ کے خواتین ڈبلز فائنل میں پہنچ گئی ہیں جہاں اب ان کا مقابلہ ان کی سابق جوڑی دار سوئٹزرلینڈ کی مارٹینا ہنگس اور امریکہ کی کوکو وینڈویگے سے ہوگا ۔ مردوں کے زمرے میں ریو اولمپکس کے طلائی تمغہ یافتہ اور دنیا کے دوسرے نمبر کے کھلاڑی برطانیہ کے اینڈی مرے نے اپنی مضبوط مہم جاری رکھتے ہوئے سنسناٹی اوپن ٹینس چمپئن شپ کے فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا ہے جہاں خطاب کیلئے ان کامقابلہ کروشیا کے مارین سلچ سے ہوگا۔ایک ساتھ تین گرینڈ سلیم اور 11 ڈبلز خطاب جیتنے والی ثانیہ اورہنگس کی جوڑی ریو اولمپک کے دوران ہی الگ ہو گئی تھی اور اس کے بعد سنسناٹی اوپن پہلا ٹورنامنٹ ہے جہاں دونوں کھلاڑی الگ الگ جوڑی دار کے ساتھ کھیل رہی ہیں۔دلچسپ یہ ہے کہ خواتین ڈبلز کی مشترکہ نمبر ایک کھلاڑی اب خطاب کیلئے فائنل میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گی۔ساتویں سیڈ ثانیہ اور اسٹرائکووا کی جوڑی بارش سے خلل پڑنے والے سیمی فائنل مقابلے میں چوتھی سیڈ تائی پے کی ہاو چنگ اور یونگ جان کی جوڑی کو 82 منٹ تک چلے مقابلے میں 6۔2، 7۔5 سے شکست دے کر فائنل میں داخل ہوئی۔ ہندوستانی چیک جوڑی نے سروس پر 67 فیصد پوائنٹس جیتے وہیں تائی پے کی جوڑی کو 52 فیصد پوائنٹس ملے ۔وہیں دوسرے سیمی فائنل مقابلے میں ہنگس اور ان کی نئی جوڑی دار امریکہ کی کوکو پانچویں سیڈ جرمنی کی جولیا جارجس اور چیک جمہوریہ کی کیرولینا پلسکووا کی جوڑی کو 6۔1، 6۔4 سے شکست دے کر خطابی مقابلے میں داخل ہوئیں۔ٹورنامنٹ میں خواتین کے سنگلز کا خطابی مقابلہ 15 ویں سیڈچیک جمہوریہ کی کیرولینا پلسکووا اور دوسری سیڈ جرمنی کی اینجلک کیربر کے درمیان کھیلا جائے گا۔پہلے سیمی فائنل میں جہاں کیرولینا نے چوتھی سیڈا سپین کی گربائن مگروجا کو 6۔1، 6۔3 سے شکست دی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں کیربر نے تیسری سیڈ رومانیہ کی سمونا ہالیپ کو 6۔3، 6۔4 سے شکست دے کر خواتین کے سنگلز کے خطابی مقابلے میں داخلہ حاصل کیا۔ٹاپ سیڈ مرے نے چوتھی سیڈ کینیڈا کے ملوس راونک کو 90 منٹ تک چلے مقابلے میں 6۔3 ،6۔3 سے شکست دے کر خطابی مقابلے میں داخل ہوئے ۔مرے کی اس سال یہ کل 50 ویں اور راونک کے خلاف پانچویں جیت ہے ۔انہوں نے اس سے پہلے ومبلڈن کے فائنل میں بھی راونک کو شکست دی تھی۔خطاب کے لئے مرے کا مقابلہ 2014 کے یو ایس اوپن چمپئن سلچ سے ہوگا جنہوں نے ایک دوسرے سیمی فائنل میں بلغاریہ کے گرگور دمتروو کو تین سیٹ کے میراتھن میچ میں 4۔6 ،6۔3 ،7۔5 سے شکست دی تھی۔دوسرے سیٹ میں بارش کے بعد دو گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوئے اس میچ کے تیسرے سیٹ میں سلچ نے دو بار سروس بریک ہونے کے باوجود واپسی کرتے ہوئے جیت درج کی۔دو مرتبہ کے سنسناٹی اوپن چمپئن مرے نے اس سے پہلے کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا کے برنارڈ ٹمک کو 6۔4، 6۔4 سے شکست دے کر آخری چار میں داخلہ حاصل کیا تھا۔29 سالہ مرے اپنا آخری میچ فرانسیسی اوپن فائنل میں عالمی نمبر ایک سربیا کے نوواک جوکووچ کے ہاتھوں ہارے تھے ۔اس کے بعد سے ان کی یہ مسلسل 22 ویں کامیابی ہے جس میں انہوں نے ریو اولمپکس میں طلائی تمغے ، ومبلڈن چمپئن اور کوئنس چمپئن شپ جیتی ہیں۔برطانوی کھلاڑی نو دن بعد سے سال کے آخری گرینڈ سلیم یو ایس اوپن کے لیے تیاری شروع کریں گے جس سے پہلے سنسناٹی اوپن کو اہم مشق ٹورنامنٹ تصور کیا جاتا ہے ۔مرے نے 12 ویں سیڈ سلچ کے خلاف کیریئر کے 13 میں سے 11 میچ جیتے ہیں۔