سیلاب کا قہر برقرار،راحت کاری جنگی سطح پر جاری : نتیش

پٹنہ 24 اگست (اسٹاف رپورٹر):بہار میں سیلاب کا قہر جاری ہے۔ ریاستی حکومت سیلاب زدہ علاقوں میں بچاؤ اور راحت کاری جنگی سطح پر چلارہی ہے۔ وزیرا علیٰ نتیش کمار نے کہاہے کہ ریاست میں سیلاب متاثرین کے درمیان راحت کاری پوری مستعدی کے ساتھ چلائی جارہی ہے۔ چیف سکریٹری انجنی کمار سنگھ نے ایک بار پھر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سبھی ضلع مجسٹریٹ کو اس سلسلے میں ہدایت جاری کی ہے ۔وزیراعلیٰ کابینہ کی میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بعض سیلاب راحت کیمپوں میں صبح کے ناشتے کاانتظام نہیں تھا انہوں نے کہا کہ آفات کے وقت ہی یہ طے کردیا گیا ہے کہ دن اور رات کے کھانے کے علاوہ صبح کے ناشتے میں بھی پھلا ہوا چنایا چوڑا وغیرہ جو بھی ہوسکے دیا جانا چاہئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ جو ریگولر راحت کیمپ چلیں گے اس میں پتل کی جگہ پر اسٹیل کے برتن میں کھانا دیا جائے گا۔ جو بھی راحت کیمپ میں آئیں گے انہیں اسٹیل کا برتن مہیا کرایا جائے اور اس کیلئے وزیراعلیٰ راحت فنڈ سے انتظام کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راحت کیمپوں میں جو ضرورت ہے اس کے مطابق کپڑے بھی دیئے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گنگا ندی کی سطح گھٹ رہی ہے اور چونکہ کئی مقامات پر گنگا کی سطح آب میں ہی اضافہ ہوا تھا اور پانی اپ اسٹریم سے آرہا تھا ۔انہوں نے کہاکہ ہرچیز پر نظر رکھی جارہی ہے اور جہاں سے لوگوں کو نکالنا ہے اس کام کوبھی مستعدی کے ساتھ کیا جارہا ہے۔ راحت کیمپ بھی قاعدے سے چلائے جارہے ہیں۔ حکومت کی سطح پر ہر چیز کی معلومات حاصل کی جارہی ہے اور علاقائی افسران کے ساتھ چیف سکریٹری لگاتار حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔زلزلہ کے جھٹکے سے متعلق سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں ایک انے مارگ واقع رہائش گاہ کی پہلی منزل پر بیٹھ کر کام کررہا تھا ،مجھے تو محسوس نہیں ہوا لیکن پھر بھی ہر جگہ سے معلومات حاصل کی گئی ہیں یہ کہیں سے بھی کسی قسم کے نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔