سینئر صحافی فرزند احمد کا انتقال،نتیش،لالو اور اکھلیش کا اظہار غم

لکھنؤ؍پٹنہ، 2 اکتوبر (تاثیر بیورو) سینئر صحافی اور اترپردیش حکومت کے مشیر فرزند احمد کا طویل علالت کے بعد آج انتقال ہوگیا۔ وہ 68 سال کے تھے ۔پسماندگان میں ایک بیٹی اور ایک بیٹا ہے ۔مسٹر احمد نے اپنی صحافت یونائٹیڈ نیوز آف انڈیا (یو این آئی) کے پٹنہ دفتر سے شروع کی تھی۔ یو این آئی سے استعفی دینے کے بعد مسٹر احمد ٹیلی گراف، کولکتہ اور بعد میں انڈیا ٹو ڈے گروپ میں اپنی خدمات انجام دیں۔ وہ بہار حکومت میں انفارمیشن کمشنر بھی رہے ۔ مسٹر احمد انڈیا ٹو ڈے گروپ سے سینئر ایڈیٹر کے عہدہ سے سبکدوش ہوئے ۔کنبہ کے ذرائع نے بتایا کہ مسٹر احمد گزشتہ دو برسوں سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے ۔ وہ گزشتہ دو ماہ سے بستر پر تھے ۔ ان کی تدفین آج عیش باغ قبرستان میں کی جائے گی۔ اترپردیش کے گورنر رام نائک، اور وزیراعلی اکھلیش یادو نے ممتاز صحافی اور ریاستی حکومت کے مشیر فرزنداحمد کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے ۔مسٹر یادو نے آج یہاں مسٹر احمد کی رہائش گاہ پر ان کے جسد خاکی پر گلہائے عقیدت پیش کیا۔بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ لالو پرساد یادو نے بھی فرزند احمد کے انتقال پر رنج وغم کااظہار کرتے ہوئے ان کے انتقال کو صحافتی دنیا کاناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ان کی مغفرت کے علاوہ ان کے ورثا کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔