شراب بندی پر بہار کی آواز ملک کی آواز بن گئی: نتیش

چھپرہ 11 مئی (نمائندہ): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہا ہے کہ بہار کی دی دیوں کی زبان سے نکلی ایک آواز آج پورے ملک آواز بن گئی ہے۔ شراب بندی کیلئے بہار کے خواتین کے حوصلے کو سلام کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دوسری ریاستوں کی خواتین بھی شراب بندی کے بعد بہار کی خواتین کو سلام کررہی ہیں۔ وزیراعلیٰ آج چھپرہ میں جیویکا کے زیر اہتمام منعقد ایک جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ شراب بندی کیلئے آج بہار کا پورے ملک میں ڈنکا بج رہا ہے اور یہ میری نہیں آپ لوگوں کی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں تو بس اس کا ذریعہ بنا ہوں۔ جو کیا ہے وہ بہار کی خواتین نے کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں 9 جولائی 2015 کی تاریخ کبھی نہیں بھول سکتا جب پٹنہ کے شری کرشن میموریل ہال میں گرام وارتا پروگرام کے تحت ان کے دوران دی دیوں نے ایک کونے سے شراب بندی کی آواز بلند کی تھیں، میں نے اس آواز پر لبیک کہتے ہوئے فوراََ ہی طے کرلیا تھا اور اسی جلسے میں اعلان کردیا تھا کہ دوبارہ بہار کی خدمت کا موقع ملا تو بہار میں شراب بندی ضرور نافذ کریں گے۔ حالانکہ اس وقت مجھے یہ پتہ نہیں تھا کہ شراب بندی ایک دن پورے ملک کی آواز بن جائے گی۔ لیکن اب مجھے لگتا ہے کہ یہ پورے ملک میں نافذ ہوکر رہے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں نے آپ کی خواہش پر پہلے دیسی شراب بند کرائی اس کے بعد غیر ملکی شراب کے خلاف مظاہرہ شروع ہوا ، ہم ماحول سازی کی ترکیب سوچ ہی رہے تھے کہ اچانک خود بخود ماحول بن گیا اور مجھے مکمل شراب بندی نافذ کرنے کا موقع مل گیا۔ میں نے آپ کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے فوراََ ہی مکمل شراب بندی نافذ کردی۔ انہوں نے کہا کہ شراب بندی کے بعد بہار میں جرائم کا گراف گرا ہے۔