شراب بندی کیلئے وزیر اعلیٰ نتیش کمار انوورت ایوارڈ سے سرفراز

پٹنہ، 28 مارچ (اسٹاف رپورٹر) :وزیراعلیٰ نتیش کمار کو آج بہار میں شراب بندی کے تاریخی فیصلے کیلئے باوقار انوورت ایوارڈ 2016 سے سرفراز کیا گیا۔ یہ ایوارڈجین شویتامبرتیرہ پنتھ دھرم کی طرف سے آچاریہ شری مہاشرمن جی اور گورنر رام ناتھ کووند کی موجودگی میں دیا گیا۔ماضی میں یہ ایوارڈ سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر شنکر دیال شرما ،سابق نائب صدر بھیرو سنگھ شیخاوت اور سابق وزیراعظم گلزاری لال نندا کو دیا جاچکا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ ان کی حکومت شراب بندی سے مکمل نشہ بندی کی طرف آگے بڑھ رہی ہے ۔ شراب بندی کے فیصلے سے معاشرے کے امن و سکون میں اضافہ ہوا ہے ۔ اس سے ایک طرف جہاں جرائم کم ہوئے ہیں تو دوسری طرف سڑک حادثات میں کمی آئی ہے ۔ لوگ شراب سے دور رہ کر جو پیسے بچا رہے ہیں، اسے اپنی زندگی کی سطح کو بہتر بنانے میں خرچ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں کامیابی سے پرکاش اتسومنعقد کیا گیا اور اب بابائے قوم مہاتما گاندھی کے ‘چمپارن۔ستیہ گرہ ‘ کی صدی تقریب کا کامیابی سے انعقاد کیا جائے گا۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے گورنر رام ناتھ کووند نے ریاست میں مکمل شراب بندی کو تاریخی، جرتمندانہ اور سماجی اصلاحات کی سمت میں نہایت انقلابی فیصلہ قرار دیا ۔انہوں نے کہا کہ مکمل شراب بندی کا ریاستی حکومت کا فیصلہ تاریخی، جرتمندانہ اور سماجی اصلاحات کی سمت میں لیا گیا نہایت انقلابی فیصلہ ہے ۔ گورنر نے کہا کہ انہوں نے شراب بندی سے متعلق بل کو بہت سوچ سمجھ کر اپنی منظوری دی تھی۔ اسے نافذ کرنے کے پیچھے حکومت کا نیک ارادہ تھا اور اس کا مقصد وسیع عوامی بہبود تھا، اسی لیے اس کے نفاذکو ان کی طرف سے منظوری دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو شراب بندی کے ساتھ ساتھ اپنے تکبر کے نشے کو بھی ترک کرنا چاہئے ۔ گورنر نے کہاکہ”بہار علم، اعمال، کردار، اخلاقیات، فلسفہ اور مذہب ،سب چیز سے بھرپور اور شاندار ریاست رہی ہے ۔ یہ جین اور بدھ مت مذاہب کی تو جائے پیدائش ہی ہے ۔ سکھوں کے دسویں گرو گرو گووند سنگھ جی کے یوم پیدائش کو اس سال ‘ روشنی کا تہوار’ کے طور پر منایا گیا۔ بہار نے پوری دنیا کے سامنے مہمان نوازی کے تئیں اپنی گہری خلوصیت کا اظہار کیا۔ مسٹر کووند نے کہا کہ جین مت کے 24 تیرتھینکرو ں میں سے 22 کی جائے نروان بہار اور جھارکھنڈ کی مربوط زمین رہی ہے ۔ 24 ویں اور آخری تیرتھ بھگوان مہاویر ورددھمان سمیت پانچ تیرتھینکروں کی پیدائشی زمین بھی بہار کی سرزمین رہی ہے ۔ گورنر نے کہا کہ آج پوری دنیا تشدد اور دہشت گردی کے خطرات سے دوچار ہے ۔ آج پوری دنیائے روحانیت دوبارہ ہندوستان کی جانب امید بھری نگاہوں سے دیکھ رہی ہے ۔ زندگی کا صحیح استعمال کیسے ہو، اس موضوع پر ہندوستانی سنت سادھوؤں اور مھاتماوں نے اپنے پیغامات سے مسلسل عوام الناس کی رہنمائی کی ہے ۔ انہوں نے بہار کے باشندوں اور اہل وطن کو نئے ہندو سال اور نوراتری کی مبارک باد بھی دی۔