شمال مشرقی علاقے کو گیٹ وے بنانے کی تیاری

شیلانگ ، 7 ؍مئی (آئی این ایس انڈیا ) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ شمال مشرقی علاقے کو جنوب مشرقی ایشیا کا گیٹ وے بنانے کا ہدف رکھتے ہوئے حکومت نے آج سات ریاستوں میں سڑکوں اور ہائی ویز کو بہتر بنانے کے لیے 40ہزار کروڑ روپے کی لاگت کے منصوبے سمیت کئی اہم بنیادی ڈھانچہ منصوبوں کا آغاز کیا ہے۔حالانکہ وزیر اعظم نے اس بات پر افسوس کا بھی اظہار کیا کہ حالیہ صفائی سروے میں 50سب سے زیادہ صاف شہروں میں شمال مشرقی علاقوں سے صرف گنگٹوک اپنی جگہ بنا پایا۔صفائی کو علاقے میں ہر کسی کے لیے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صفائی کے پیمانے پر 100سے 200صاف شہروں کے درمیان شمال مشرقی کے چار شہر ہیں ، جبکہ 200سے 300صاف شہروں میں شمال مشرقی علاقوں کے سات شہر آتے ہیں ،جن میں شیلانگ 276 ویں مقام پر ہے۔وہ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شیلانگ کی رضاکار تنظیم بھارت سیواشرم سنگھ کی صدسالہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں شمال مشرقی کو جنوب مشرقی ایشیا کا گیٹ وے بنانا ہوگا اور یہ گیٹ وے اگر گندہ ہوگا ،تو یہ خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکے گا۔انہوں نے لوگوں اور سنگھ جیسی تنظیموں سے صفائی مہم کے لیے ساتھ آنے کو کہا۔آزادی کے کئی سالوں بعد بھی پورے شمال مشرقی علاقوں کی متوازن ترقی نہیں ہونے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ان کی حکومت نے اپنے تمام وسائل کے ساتھ یہاں کی ریاستوں کے جامع اور متوازن ترقی کا منصوبہ بنایا ہے۔