شہاب الدین تہرے قتل کیس میں الزامات سے بری

جمشید پور 17اپریل (ایجنسی): سیوان سے آر جے ڈی کے سابق ایم پی محمد شہاب الدین جمشید پور میں تہرے قتل کیس میں باعزت بری قرار دیئے گئے ہیں۔ یہ فیصلہ سوموار کو جمشید پور کی ایک عدالت نے دیا۔ شہاب الدین اس وقت کئی سنگین الزامات کے سلسلے میں دہلی کے تہاڑ جیل میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ جمشید پور کی عدالت نے تقریباََ 28 سال پرانے اس معاملے میں شہاب الدین کے خلاف ناکافی ثبوت کی بنیاد پرانہیں الزامات سے بری کردیا۔ خیال رہے کہ 2 فروری 1989 کی شام جوکسلائی تھانہ علاقہ سے محض 100 میٹر کی دوری پر کانگریس کے پردیپ مشرا اور ان کے دو ساتھیوں جناردن چوبے اور آنند راؤ کو گولیوں سے بھون کر قتل کردیا گیا تھا۔ اس معاملے میں راماسنگھ ،صاحب سنگھ اور شہاب الدین سمیت کئی لوگوں کو ملزم بنایا گیا تھا۔ اس معاملے میں ویشالی کے ایم پی راماسنگھ پہلے ہی بری کئے جاچکے ہیں۔