شہاب الدین معاملے کی سماعت کل تک کیلئے ٹلی

نئی دہلی’ 26 ستمبر (یو این آئی) سپریم کورٹ نے راشٹریہ جنتا دل کے رہنما محمد شہاب الدین کی ضمانت کے خلاف عرضیوں کی سماعت 28 ستمبر کے لئے آج ملتوی کردی۔جسٹس پی سی گھوش اور جسٹس امیتابھ رائے کی بنچ نے شہاب الدین کے وکیل کے ذریعہ عرضی گذار چندرکیشور پرساد عرف چندا بابو اور بہار حکومت کے الزامات کے جواب کے لئے مزید وقت طلب کئے جانے پر بدھ تک کے لئے معاملے کی سماعت ملتوی کردی ۔شہاب الدین کی طرف سے سینئر وکیل رام جیٹھ ملانی کے پیروی کرنے کی خبر تھی لیکن وہ عدالت میں موجود نہیں تھے ۔ ایک دیگر وکیل نے معاملے میں شہاب الدین کی پیروی کی اور کہا کہ ان کے موکل میڈیاٹرائل کے شکار ہورہے ہیں ۔ میڈیا ان کے موکل کو نشانہ بنارہا ہے ۔انہوں نے بنچ سے درخواست کی معاملے میں جواب کے لئے انہیں کچھ اور وقت دیا جائے لیکن عدالت عظمی نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ اپنے موکل کے خلاف عائد الزامات کے بارے میں جانتے ہیں ۔ عدالت نے کہا کہ وہ اس معاملے کی سماعت جلد چاہتا ہے اور بدھ تک کا ہی وقت وہ فریق دفاع کو دے سکتا ہے ۔ بنچ نے کہا کہ معاملے کی سماعت بدھ کو ہوگی۔ا س سے قبل سماعت کے دوران چندا بابو کے وکیل پرشانت بھوشن نے ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے عدالت کو کہا کہ شہاب الدین پر کل 45 معاملات درج ہیں جن میں سے نو قتل کے ہیں اور دس میں اسے قصور وار ٹھہرایا گیا ہے ۔ اگر وہ ضمانت پر باہر رہا تو سماج کے لئے بڑا خطرہ ہوسکتا ہے ۔ ریاستی حکومت کی طرف سے سینئر وکیل دنیش دویدی نے بحث میں حصہ لیا ۔ اس کے بعد شہاب الدین کے وکیل نے عدالت سے معاملے میں جواب پیش کرنے کے لئے کچھ او ر مہلت مانگی تھی۔