شہنشاہ جذبات دلیپ کمار 94 برس کے ہوگئے

ممبئی،10دسمبر(یواین آئی) دلیپ کمار ایک ایسے عظیم اداکار ہیں جنہوں نے اپنی شاندار اداکاری اور مکالموں کی بہترین ادائیگی سے فلم بینوں کے دلوں میں اپنے لئے خاص جگہ بنالی ہے ۔سنگ دل، امر، اڑن کھٹولہ، آن، انداز، نیا دور، مدھومتی، یہودی اور مغل اعظم ایسی چند فلمیں ہیں جن میں ان کی اداکاری کی عظمتوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں شہنشاہ جذبات کا خطاب دیا گیا۔ لیکن انہوں نے فلم کوہ نور، آزاد، گنگا جمنا اور رام اور شیام میں ایک کامیڈین کی اداکاری کر کے یہ ثابت کیا کہ وہ لوگوں کو ہنسا نے کا فن بھی جانتے ہیں۔دلیپ کمار اپنے دور کے فلم انڈسٹری کے ایسے اداکار تھے جن کے اسٹائل کی نوجواں لڑکے نقل کرتے تھے اور ان کی ساتھی ہیروئینوں کے ساتھ ساتھ عام لڑکیاں ان پر مرتی تھیں۔ہیروئین مدھوبالا سے ان کے عشق کے چرچے رہے لیکن کسی وجہ سے ان کی یہ محبت دم توڑ گئی اور زندگی میں ہی دونوں علاحدہ ہوگئے ۔دلیپ کمار کی وجیہہ شخصیت کو دیکھ کر برطانوی اداکار ڈیوڈ لین نے انہیں فلم ‘لارنس آف عریبیہ’ میں ایک رول کی پیشکش کی لیکن دلیپ کمار نے اسے ٹھکرا دیا۔1955میں ریلیز ہوئی فلم”دیوداس” کے اس سین کو کون بھول سکتا ہے کہ جس میں پارو کے غم میں دیو داس یہ کہتاہے ”کون کمبخت برداشت کرنے کے لئے پیتا ہے ”تو اس وقت دلیپ کمار کا چہرہ ضرور اسکرین کی طرف نہیں تھا لیکن ان کی غم زدہ آواز شائقین کے دلوں کی گہرائیوں کو چھو جاتی ہے ۔سن 1943میں ان کی ملاقات بامبے ٹاکیز کی بانی دیویکا رانی سے ہوئی جنہوں نے ان کی صلاحیت کو پہچانا اور انہیں ممبئی آنے کی دعوت دی۔پہلے تو دلیپ کمار نے اس بات پرسنجیدگی سے توجہ نہیں دی لیکن بعد میں کینٹین کے کاروبار سے بھی دل اچاٹ ہونے کی وجہ سے انہوں نے دیویکا رانی سے ملنے کا ارادہ کیا۔دیویکا رانی نے یوسف خان کو فلم”جوار بھاٹا”میں بطور اداکار کام کرنے کا موقع دیااور واسودیو ،جہانگیر اور دلیپ کمار میں سے ایک فلمی نام کا انتخاب کرنے کو کہا۔اس طرح 1944میں ریلیز ہونے والی فلم جوار بھاٹا سے بطور اداکار دلیپ کمار نے اپنے کرئیر کی شروعات کی۔1980 میں دلیپ کمار کو ممبئی کا شیرف قرار دیا گیا۔ انھیں بے شمار اعزازات سے نوازا گیا ۔ 1995 میں انہیں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ 2015 میں وہ پدم ویبھوشن سے سرفراز کئے گئے ۔پاکستان کی حکومت کی طرف سے 1998 میں ان کو پاکستان کے سب سے بڑے سیویلین اعزاز نشان پاکستان سے بھی نوازا گیا.دلیپ کمار 11 دسمبر 1922 میں پشاور میں (جو اب پاکستان کا ایک شہر ہے ) پیدا ہوئے ۔ان کے والد لالہ غلام سرور، پھلوں کے تاجر تھے ۔فلم جوار بھاٹا کے بعد دلیپ کمار نے پرتیما،جگنو،ا نوکھا پیار،نوکا ڈوبی جیسی فلموں میں کام کیا لیکن جگنو کے علاوہ دیگر فلموں سے انہیں کوئی خاص کامیابی نہیں ملی ۔ چار سال کی جدوجہد کے بعد 1948 میں فلم میلہ کی کامیابی کے بعد دلیپ کمار بطور اداکار فلم انڈسٹری میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے ۔ دلیپ کمار کے فلمی کریئر میں ان کی جوڑی اداکارہ مدھوبالا کے ساتھ کافی پسند کی گئی۔ فلم ترانہ کی تعمیر کے دوران مدھوبالا دلیپ کمار سے محبت کرنے لگیں۔ایسا کہاجاتا ہے کہ انہوں نے اپنے ڈریس ڈیزائنرکو گلاب کا پھول اور ایک خط دے کر دلیپ کمار کے پاس اس پیغام کے ساتھ بھیجا کہ اگر وہ بھی ان سے محبت کرتے ہیں تو اسے اپنے پاس رکھ لیں اور دلیپ کمار نے پھول اور خط کو بخوشی قبول کر لیا۔1960 میں دلیپ کمار کے فلمی کریئر کی ایک اور اہم فلم مغل اعظم ریلیز ہوئی۔ تاریخی پس منظر پر بنی کے آصف کی ہدایت میں سلیم -نارکل¸ کی محبت کی کہانی پر مبنی اس فلم میں دلیپ کمار نے شہزادے سلیم کے کردار کو پردہ سیمیں پرکر دیا۔1961 میں آئی فلم گنگا جمناکے ذریعے دلیپ کمار نے فلم تعمیر کے میدان میں بھی قدم رکھ دیا۔ فلم کی کامیابی کے بعد دلیپ کمار نے اس کے بعد بھی فلم بنانے کا فیصلہ کیا لیکن انکم ٹیکس والوں کے برے برتا¶ کی وجہ سے انہوں نے فلم تعمیر سے توبہ کر لی۔ فلم گنگا جمنا میں دلیپ کمار نے ہندی اور بھوجپوری کو مرکب کیا اور ان کا یہ استعمال کافی کامیاب رہا۔اس فلم میں دلیپ کمار کے ساتھ ان کے بھائی ناصر خان نے بھی اداکاری کی۔1966 میں دلیپ کمار نے فلم اداکارہ سائرہ بانو کے ساتھ نکاح کر لیا 1967 میں آئی فلم رام اور شیام دلیپ کمار کے فلمی کیریئر کی ایک اور سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی۔1976 میں آئی فلم بیراگ کی ناکامی کے بعد دلیپ کمار نے تقریباًپانچ برسوں تک فلم انڈسٹری سے کنارہ کر لیا۔ 1980 میں فلم ساز -ہدایت کار منوج کمار کے کہنے پر دلیپ کمار نے فلم کرانتی میں بطور اداکار اپنے فلمی کریئر کی دوسری اننگز شروع کی ۔فلم میں اپنی بااثر اداکاری سے دلیپ کمار نے ایک بار پھر شائقین کو منور کر کے فلم کو سپر ہٹ بنا دیا۔1998میں فلم ‘ قلعہ ‘ میں کام کرنے کے بعد دلیپ کمار نے فلمی دنیا سے کنارہ کشی کر لی تھی ۔دلیپ کمارجو ان دنوں پوری طرح صحتمند نہیں ، کل تک صرف فلمی پارٹیوں میں اپنی بیوی سائرہ بانو کے ساتھ نظر آتے تھے ۔