شہید جوانوں کے اہل خاندان کو اکھلیش کی طرف سے 20-20 لاکھ

لکھنؤ 27 ستمبر (ایجنسی): اترپردیش کے وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے آج اپنی سرکاری رہائش گاہ پر فوج کے ایک اور پولس کے 7 شہید جوانوں کے اہل خانہ کو 20-20 لاکھ روپئے کی مالی مدد کا چیک عطا کیا۔ انہوں نے شہیدوں کے خاندان کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ریاستی حکومت ان کے ساتھ ہے۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ ریاستی حکومت شہیدوں کا بہت احترام کرتی ہے اور ان کے پسماندگان کو ہر ممکن مدد کیلئے ہمیشہ تیار ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اڑی کے دہشت گردانہ حادثے میں شہید ہوئے بلاک سنت کبیر نگر کے فوجی گنیش شنکر کے اہل خاندان کو 20 لاکھ روپئے کی مالی مدد کا چیک دینے کے ساتھ ہی ان کے بچوں کو مفت پڑھائی اور ایک لوہیا آواس اور والدہ کو سماجوادی پنشن منصوبہ سے مستفید کرنے کااعلان کیا۔ اس کے ساتھ ہی وزیراعلیٰ نے پولس کے ساتھ شہیدوں ، ہاپڑ کے سریندر سنگھ ،علی گڑھ کے اشوک کمار ، گوتم بدھ نگر کے جتیندر کمار ،دیوریا کے دویندر چورسیا، باگپت کے سکھبیر سنگھ، لکھنؤ کے یشپال سنگھ اور غازی آباد کے پرمود کمار سنگھ کے خاندان والوں کو بھی 20-20 لاکھ روپئے کا چیک عطا کیا۔