شین وارن کے بعد یاسر بہترین لیگ اسپنر : اسٹوکس

لندن، 21 جولائی (یو این آئی)انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ شین وارن کے بعد کرکٹ کے بہترین لیگ اسپنر ہیں۔یاسر شاہ کی انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں 10 وکٹوں کی بدولت پاکستان کو یادگار فتح ملی تھی جبکہ آئی سی سی کی درجہ بندی میں بالرز کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگئے ۔بین اسٹوکس کا برطانوی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ میں یاسر شاہ کو شین وارن کے بعد بہترین لیگ اسپنر شمار کروں گا۔صوابی سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ لیگ اسپنر لارڈز ٹیسٹ میچ شروع ہونے سے قبل عالمی درجہ بندی میں چوتھے درجے پر موجود تھے تاہم انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں دس وکٹیں حاصل کرکے عالمی نمبر ایک بالر بن گئے ہیں۔یاسر شاہ پہلے پاکستانی بالر ہیں جو 20 سال بعد آئی سی سی کی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر آگئے ہیں۔صوابی سے تعلق رکھنے والے یاسر 13 ٹیسٹ میچوں میں 86 وکٹیں لے چکے ہیں اور 100 وکٹوں کی تکمیل سے محض 14 وکٹ کے فاصلے پر ہیں اور اگر وہ آئندہ دو ٹیسٹ میچوں میں یہ کارنامہ انجام دے دیتے ہیں تو وہ عالمی ریکارڈ بنا دیں گے ۔اسٹوکس کا کہنا تھا کہ پاکستان بہت اچھی ٹیم ہے لیکن ہم ٹیسٹ میچ میں ان کی بالنگ کو دیکھتے ہوئے کھیلنے جائیں گے اور ہم ان کا توڑ کرنے کے قابل ہوں گے ، دوسری چیز جس کو ہمیں سمجھنے اور اپنانے کی ضرورت ہے وہ کنڈیشنز ہیں اور ہم دیکھیں گے کہ یہ کیسی ہوتی ہیں۔واضح رہے بین اسٹوکس مئی کے اواخر میں گھٹنے کی انجری کا شکار ہوکر انگلش ٹیم سے باہر ہوگئے تھے تاہم وہ مکمل فٹ ہونے کے بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں جبکہ اولڈ ٹریفورڈ میچ میں ان کی شمولیت کا امکان ہے ۔25 سالہ مایہ ناز آل راؤنڈر نے کہا کہ میں گزشتہ دوہفتوں سے بلے باز کے طورپر کھیل رہاہوں جس کی مجھے کھیل میں واپسی کے لیے اشد ضرورت تھی۔انھوں نے مزید کہا کہ میں نے نیٹ میں بالنگ کی ہے ۔