شیوسینا نے کہا؛پہلے امیدوار کا نام بتاؤ

ممبئی، 18جون(یواین آئی) بھارتی جنتا پارٹی کے قومی صدر امت شاہ نے اتوار کوشوسیناچیف ادھو ٹھاکرے سے باندرہ واقع ان کی رہائش گاہ ماتوشری میں بند دروازہ میں صدر جمہوریہ انتخاب کے سلسلے میں ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق امت شاہ نے ادھو کو مطلع کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی خواہش ہے کہ اس اعلیٰ ترین دستوری عہدہ پر این ڈی اے کا امیدوارفائز ہو۔اس موقع پر وزیراعلیٰ دیویندرفڑنویس بھی شاہ کے ہمراہ موجود تھے ۔دونوں کے درمیان تقریباً سواگھنٹہ ملاقات جاری رہی۔جبکہ بی جے پی کے ریاستی صدر راوصاحب دانوے اور شیوسینا کے ایم پی بھی میٹنگ میں شامل ہونے والے تھے ، لیکن انہیں شامل نہیں کیا گیا۔ذرائع کے مطابق مذکورہ ملاقات میں بی جے پی صدر نے شیوسینا سربراہ ادھوٹھاکرے سے اپیل کی کہ شیوسینا این ڈی اے کے صدارتی امیدوار کی حمایت کرے ۔ادھو ٹھاکرے نے کہاکہ 17جولائی کو ہونے والے الیکشن کے لئے پہلے وہ پارٹی کے امیدوار کانام جاننا چاہیں گے ۔بتایا جاتا ہے کہ شاہ نے واضح کردیاکہ مودی ہی امیدوار کے نام کااعلان کریں گے ۔اور ہمیں امید ہے کہ شیوسینا ہمارے ساتھ رہے گی۔ادھو نے کہاکہ ان کی پارٹی کانام پیش کیے جانے کے بعد ہی شیوسینا اپنا فیصلہ سنائے گی۔شاہ نے گزشتہ روز کہا تھاکہ ان کی پارٹی این ڈی اے کے اتحادیوں سے صلاح مشورے کے بعد ہی امیدوار کے نام کا اعلان کرے گی اور اس سلسلہ کی کڑی کے طور پر یہ ملاقات ممکن ہوئی ہے ۔دونوں اتحادی پارٹیوں میں سخت اختلاف پائے جاتے ہیں۔ماضی میں شیوسینا نے پریتبھاپاٹل اورپرنب مکھرجی کی حمایت کی ہے دونوں کانگریس کے امیدوار تھے ۔اس سے قبل اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر ایم وینکیا نائیڈو نے کہا تھاکہ صدارتی انتخابات کے لئے قومی جمہوری محاذ(این ڈی اے ) کے امیدوار کا اعلان 23 جون سے پہلے کر دیا جائے گا۔ مسٹر نائیڈو نے دہلی میں مرکزی وزیر اور لوک جن شکتی پارٹی کے سربراہ رام ولاس پاسوان سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں کو یہ اطلاع دی تھی۔ انھوں نے کہا کہ ” صدارتی انتخابات کے لئے این ڈی اے کے امیدوار کے بارے میں فیصلہ اور نام کا اعلان 23 جون سے پہلے ہو جائے گا”۔ ذرائع نے بتایا کہ دونوں لیڈروں نے صدارتی انتخابات کے سلسلے میں بات چیت کی۔ مسٹر وینکیا نائیڈو نے اس سلسلے میں سماج وادی پارٹی کے لیڈر رام گوپال یادو اور نریش اگروال کے ساتھ بھی بات چیت کی ہے ۔ مسٹر پاسوان نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی صدارتی امیدوار کی نامزدگی کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کے فیصلے کا احترام کرے گی۔ ایسا سمجھا جا رہا ہے کہ ایس پی لیڈروں نے صدارتی امیدوار کے طور پر ایک شخص کا نام پیش کیا ہے ۔ مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے ترنمول کانگریس اور بیجو جنتا دل کے لیڈروں کے ساتھ صدارتی امیدوار کے انتخاب کے سلسلے میں بات چیت کی ہے ۔ بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ نے بھی کئی پارٹیوں کے رہنماؤں کے ساتھ اس سلسلے میں تبادلہ خیال کیا ہے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے صدارتی انتخابات کے امیدوار پر اتفاق رائے بنانے کے لئے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ، مسٹر جیٹلی اور مسٹر نائیڈو پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کی ہے ۔ اسی مقصد سے یہ لیڈران ملک بھر میں تمام سیاسی جماعتوں کے لیڈروں سے مل رہے ہیں۔ صدارتی انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی 28 جون تک بھر ے جائیں گے اور 29 جون کو ان کی جانچ پڑتال ہوگی۔ اس کے لئے 17 جولائی کو پولنگ ہو گی۔