شیوسینا کے ایم پی نے ایئر لائنز ملازم کو چپل سے پیٹا

نئی دہلی، 23 مارچ (یو این آئی)شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ رویندر گایکواڑ کے سرکاری ایئر لائنز سروس کمپنی ایئر انڈیا کے ایک ملازم کو چپل سے پیٹنے کا معاملہ سامنے آیا ہے جس کے بعد ایئر لائنز نے برا سلوک کرنے والے مسافروں کوممنوعہ کی فہرست میں ڈالنے پر غور کر رہی ہے ۔ مسٹر گایکواڑ نے ملازم کو چپپل سے پیٹنے کی بات تسلیم کی، لیکن اپنے اس رویے کا دفاع بھی کیا۔متاثرملازم نے الزام لگایا ہے کہ ممبر پارلیمنٹ نے اسے گالیاں دیں اور ذلیل کیا۔ واقعہ دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے کا ہے اور مسٹر گایکواڑ آج صبح پونے سے دہلی آئے تھے ۔ ایئر انڈیا کی طرف سے معاملے کی تحقیقات کے لئے قائم ڈپٹی جنرل مینیجر ھریندر سنگھ کی کمیٹی نے بتایا کہ مسٹر گایکواڑ کے پاس بزنس کلاس کا ٹکٹ ہونے کے باوجود انہیں اکنامی کلاس میں سفر کرنا پڑا۔ اس سے ناراض ہو کر انہوں نے دہلی میں لینڈنگ کے بعد طیارے سے اترنے سے انکار کر دیا۔ دہلی ہوائی اڈے پر مسٹر ھریندر سنگھ اور کچھ دیگر حکام نے کافی سمجھا بجھا کر انہیں طیارے سے باہر اتارا اور ایگزٹ گیٹ تک لے گئے ۔ وہاں ایئر لائنز کے ایک ملازم مسٹر سکمار نے مسٹر گایکواڑ سے کہا کہ وہ عوامی نمائندے ہیں اورانہیں اسی طرح اپنا رویہ رکھنا چاہیے ۔ اس پر ممبر پارلیمنٹ نے اپنی چپل اتار کر انہیں پیٹنا شروع کر دیا اور ایگزٹ گیٹ کے باہر دھکیل دیا۔ ایئر انڈیا کے ایک ترجمان نے بتایا کہ معاملے کے تعلق سے ایف آئی آر درج کرا دی گئی ہے ۔ پولیس نے مسٹر گایکواڑ سے پوچھ گچھ کے بعد ان کی طبی جانچ بھی کرائی ہے ۔ ان کے خلاف دہلی سے پونے جانے والی پرواز کو جبرا روکنے کا معاملہ بھی درج کرایا گیا ہے کیونکہ اس واقعہ کی وجہ سے یہ پرواز 40 منٹ تاخیر ہو گئی تھی۔پرائیویٹ ایئرلائنز کی طرز پر ایئر انڈیا بھی برا سلوک کرنے والے مسافروں کی فہرست بنانے پر غور کر رہا ہے جنہیں مستقبل میں ایئر لائنز میں سفر پر پابندی عائد کرے گا۔