صدر جمہوریہ سے تھائی لینڈ کی شہزادی کی ملاقات

نئی دہلی۔22نومبر۔(یو این آئی) تھائی لینڈ کی شہزادی مہاچکری سِرِن دھورن نے صدر جمہوریہ ہند پرنب مکھرجی سے کل راشٹرپتی بھون میں ملاقات کی (21 نومبر 2016) بھارت میں شہزادی کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ بھارت انہیں اپنے ایک خصوصی دوست کی نظر سے دیکھتا ہے ۔ صدر جمہوریہ نے آنجہانی شاہ بھومی بول ادُلیہ دیج کے انتقال پر تعزیت کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ شاہ بھومی بول کو اُن کی رحم دلی ، دور اندیش اور عوام کی فلاح وبہبودسے وابستگی کے لئے یاد کیاجائے گا۔ صدر جمہوریہ نے شہزادی مہاچکری سِرِ ن دھورن کو پہلے سنسکرت ایوارڈ سے نوازے جانے پر مبارکباد دی اور کہا کہ بھارت ،سنسکرت زبان کو فروغ دینے اور ادب ، فن وثقافت میں ان کی گہری دلچسپی پر ان کو سراہتا ہے ۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندستان ، تھائی لینڈ کے ساتھ اپنے رشتوں کو بہت زیادہ ترجیح دیتا ہے ، ہم سیاسی، حفاظتی ، تجارتی اور رابطوں سمیت سبھی میدانوں میں اپنے رشتے مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔