ضمنی انتخابات میں بی جے پی کا دبدبہ

نئی دہلی، 13 اپریل (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے 8 ریاستوں کی 10 اسمبلی سیٹوں کیلئے ہوئے ضمنی انتخابات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سب سے زیادہ 5 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے، کانگریس کو تین سیٹوں پر ہی اکتفا کرنا پڑا ہے۔جبکہ دہلی میں عام آدمی پارٹی کی زبردست شکست ہوئی ہے ۔حال ہی میں اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں شاندار فتح حاصل کرنے والی بی جے پی نے ان ضمنی انتخابات میں بھی اپنی جیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ہماچل پردیش کی بھورانج، مدھیہ پردیش کی باندھوگڑھ، آسام کی دھیماجی، دہلی کی راجوری گارڈن اور راجستھان کی دھول پور سیٹوں پر کامیابی حاصل کی۔ کرناٹک میں حکمراں کانگریس نے دونوں سیٹوں پر جیت درج کرکے اپنادبدبہ قائم رکھا۔ وہ مدھیہ پردیش کے اٹیر سیٹ پر بھی اپنا قبضہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہی، اگرچہ اس سیٹ پر بی جے پی نے اسے سخت ٹکر دی۔ کانگریس امیدوار اپنے قریبی حریف کو صرف 857 ووٹوں کے فرق سے شکست دے سکے ۔مغربی بنگال کی کانٹھی جنوبی سیٹ پر ترنمول کانگریس نے پھر سے اپنا پرچم لہرایا جبکہ جھارکھنڈ میں لٹی پاڑا سیٹ پر جھارکھنڈ مکتی مورچہ اپنا قبضہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہا۔دہلی کے راجوری گارڈن ضمنی انتخاب میں عام آدمی پارٹی کو زبردست جھٹکا لگا ہے ۔ اس کا امیدوار نہ صرف تیسری پوزیشن پر رہا بلکہ اپنی ضمانت بھی نہیں بچا سکا۔ یہ سیٹ بی جے پی ۔اکالی اتحاد کے امیدوار منجندر سنگھ سرسا نے جیتی۔یہاں کانگریس دوسرے نمبر پر رہی۔ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے دہلی اسمبلی کی 70 سیٹوں میں سے 67 سیٹیں جیتی تھیں۔مغربی بنگال کی کانٹھی سیٹ ترنمول کانگریس جیتنے میں کامیاب رہی لیکن وہاں بی جے پی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اس کا امیدوار دوسرے نمبر پر رہا۔ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو یہاں نو فیصد ووٹ ملے تھے جو اس الیکشن میں بڑھ کر 30 فیصد ہو گئے ۔وزیر اعظم نریندر مودی نے ضمنی انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی پر پارٹی کارکنوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ عوام نے ترقی اور گڈ گورننس کی سیاست پر اعتماد کا اظہار کیا ہے جس کے لئے وہ ان کا شکریہ کرتے ہیں۔