طالبان کے بیس پر حملے میں 50 سے زائد افغان فوجی ہلاک

کابل: طالبان نے افغان فوج کے تربیتی کیمپ پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 50 سے زائد اہلکار ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے شمالی صوبہ بلغ کے صدر مقام مزار شریف میں طالبان نے فوجی کیمپ پر حملہ کردیا جس کے بعد دونوں جانب سے فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 50 سے زائد فوجی ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے۔ وزارت دفاع کے ترجمان کے مطابق فوجی تربیتی مرکز پر فوجی لباس میں ملبوس دہشت گردوں نے داخل ہوتے ہی اندھا دھند فائرنگ کی جس کے دوران وہاں موجود اہلکاروں کو فوری طور پر سنبھلنے کا موقع نہ ملا تاہم فائرنگ کے تبادلے میں ایک حملہ آور ہلاک اور دوسرا گرفتار کرلیا گیا ہے۔ دوسری جانب طالبان نے اپنے بیان میں فوجی تربیتی کیمپ پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی جب کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ داعش نے کابل کے فوجی ہسپتال پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔