طبی خدمات کی توسیع کے معاملے میں حکومت سنجیدہ : وزیر اعلیٰ

پٹنہ11 ستمبر (اسٹاف رپورٹر): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہا ہے کہ آج فیزیوتھریپی کی ضرورت بڑھی ہے۔ لیکن اس کی سہولت صرف شہروں تک ہی محدود ہے۔ اس سسٹم کا فروغ ضروری ہے۔ فیزیو تھریپسٹ کی تعداد بڑھے گی کیونکہ اس کی مانگ بھی بڑھی ہے۔ فیزیو تھریپسٹوں کیلئے ریاستی سطح کے کونسل کی تشکیل کی کارروائی محکمہ صحت کے ذریعہ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبھی پرائمری ہیلتھ سنٹروں پر جب تک فیزیو تھریپسٹ مامور نہیں ہوجاتے تب تک لوگوں کو پوری طرح طبی سہولیات نہیں فراہم ہوپائیں گی۔وزیراعلیٰ آج عالمی فیزیو تھریپی آکوپیشنل تھریپی ہفتہ کے موقع پر بہار کالج آف فیزیو تھریپی اینڈ اکوپیشن تھریپی کنکڑ باغ کے ذریعہ منعقد اختتامی پروگرام کا افتتاح کررہے تھے۔اس موقع پر انہوں نے بہا رمیں طبی سہولیات کے فروغ پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج بہار کے باہر علاج کرانے کیلئے جانے والوں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ لوگوں کو باہر جانے کی مجبوری نہیں ہو اس حد تک بہار میں طبی سہولیات کی توسیع ضروری ہے۔ اس سلسلے میں حکومت سنجیدگی سے کام کررہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ طبی شعبے میں حکومت کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ سیکٹر بھی آگے آرہے ہیں۔ حال ہی میں میدانتا کے ساتھ ایگریمنٹ کیا گیا ہے۔ جئے پربھا اسپتال میں طبی سہولیات کا فروغ میدانتا کے ذریعہ کیا جائے گا ۔ پٹنہ میں ایمس قائم ہوا ہے ،آئی جی آئی ایم ایس میں بھی اب میڈیکل کالج بن گیا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے پی ایم سی ایچ کو عالمی سطح کا میڈیکل کالج اور اسپتال بنانے کی تجویز پیش کرنے کیلئے ڈاکٹروں سے کہا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری شعبہ میں فیزیو تھریپسٹ کی حد عمر دیگر ڈاکٹروں کے مساوی کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ وزیراعلیٰ نے کھلے میں رفع حاجت کے سلسلے میں کہا کہ اگر یہ بند ہوجائے گا تو 90 فیصد بیماریاں خود بخود ختم ہوجائیں گی۔ انہوں نے اس موقع پر موجود سبھی لوگوں کے تئیں اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ اس افتتاحی پروگرام سے محکمہ صحت کے پرنسپل سکریٹری آر کے مہاجن ، پدم شری ڈاکٹر گوپال پرساد سنہا ، انسٹی چیوٹ کے کنٹرولنگ افسر ڈاکٹر کشور کمار نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے متعدد فیزیو تھریپسٹ /ڈاکٹروں کو اعزاز سے بھی نوازا۔