عمارتوں میں آگ لگنے کی واردات کو روکنے کی تدابیر کریں افسران : نتیش

پٹنہ22 مئی (اسٹاف رپورٹر): وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ آگ لگنے پر صرف دمکل بھیج کر آگ بجھا دینے اور راحت کاری کردینے سے کام نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کی واردات نہ ہوں اس کیلئے سسٹم کو مضبوط کرنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ آج ایک انے مارگ واقع ویمرش کانفرنس ہال میں ریاست میں آگ زنی کی ہورہی واردات کی روک تھام کیلئے جائزہ میٹنگ میں بول رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بڑی عمارتوں میں زیادہ تر آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگتی ہے۔ یہ صورتحال پرائیویٹ اور سرکاری دونوں عمارتوں کیلئے باعث تشویش ہے۔ اس کیلئے سسٹم کو اسپیڈاپ کرنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ فائر بریگیڈ محکمہ شہری ترقیات ، محکمہ توانائی، محکمہ تعمیر عمارات اور محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ اس صورتحال کو قابو میں کرنے کیلئے بلاتاخیر ایکشن پلان تیار کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملٹی اسٹوریج بلڈنگس کی تعداد بڑھتی جارہی ہے۔ بلڈنگ بائیلاج میں فائر سیفٹی کی آراستگی اور اس کی وقت وقت پر جانچ ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس کیلئے خاطر خواہ مشینری کو فروغ دینا ہوگا اور سسٹم کو بلڈ اپ کرنا ہوگا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ ملٹی اسٹوریج بلڈنگ کے بلڈروں سے فائر سیفٹی کے سلسلے میں کی گئی تدابیر کے سلسلے میں ازخود تصدیق شدہ رپورٹ حاصل کریں اور اس کی باضابطہ جانچ کرائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پرائیویٹ عمارتوں میں رہنے والے لوگوں کو بھی فائر سیفٹی کے سلسلے میں بیدارکرنا ہوگا۔ اس موقع پر چیف سکریٹری انجنی کمار سنگھ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی کے وائس چیئرمین ویاس جی ،اتھاریٹی کے ممبر ڈاکٹر اودئے کانت مشر، پرنسپل سکریٹری عامرسبحانی ،فائر بریگیڈ سروسیز کے ڈائرکٹر جنرل پی این رائے ،پرنسپل سکریٹری صحت آر کے مہاجن ، پرنسپل سکریٹری شہری ترقیات چیتنیہ پرساد ، پرنسپل سکریٹری محکمہ عمارت امرت لال مینا ،وزیراعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری چنچل کمار، وزیراعلیٰ کے سکریٹری اتیش چندرا ،وزیراعلیٰ کے سکریٹری منیش کمار ورما، وزیراعلیٰ کے او ایس ڈی گوپال سنگھ سمیت محکمہ ڈیزاسٹرمینجمنٹ سے متعلق متعدد اعلیٰ افسران موجود تھے۔