عمل بقدر طاقت کرو ۔خدا کی قسم خدا تعالیٰ ملول نہیں ہوتا ، تم ہی ملول ہوجاؤ گے۔ نبی کریم ﷺ

حضور ﷺ کا معجزہ : کھانے میں برکت
حضرت انسؓ فرماتے ہیں : ’’رسول اللہ نے حضرت زینب بنت حبشؓ سے نکاح کیا، تو ام سُلیمؓ نے کھانا تیار کرکے مجھے دیا کے حضور کو پیش کردو اور میری طرف سے سلام عرض کرنے کے بعد کہنا کہ تھوڑا سا کھانا ہے جو رسول اللہ کے لیے ہے، حضور نے اس کو گھر کے ایک کونے میں رکھوادیا اور مجھے بھیجا کہ میں صحابہؓ کو بلالاؤں، وہ غریبی کا زمانہ تھا تقریباً تین سو لوگ آگئے۔ رسول اللہ دس دس افراد کو گھر میں بلاتے اور کھانا کھلاتے یہاں تک کہ سب پیٹ بھر کر کھاچکے، جب میں نے اس کھانے کے برتن کو دیکھا، تو میں یہ نہیں سمجھ سکا کہ جس وقت میں کھانے کا برتن لایا تھا اس وقت اس میں کھانا زیادہ تھا یا اب زیادہ ہے۔ [مسلم:3507 ]
ایک فرض کے بارے میں : حلال پیشہ اختیار کرنا
رسول اللہ نے فرمایا : ’’اللہ کے حقوق فرائض ادا کرنے کے بعد حلال روزی حاصل کرنا بھی فرض ہے۔‘‘ [طبرانی فی الکبیر :9851 ، عن ابن عبداللہ بن مسعودؓ ]
ایک سنت کے بارے میں : زکوٰۃ ادا کرے تو یہ دعا پڑھے
رسول اللہ نے فرمایا:’’جب تم زکوٰۃ ادا کرو، تو اس کے ثواب کو نہ بھولو اور یہ کہو: (اَللّٰھُمَّ اجْعَلْھَا مَغْنَمًا وَّلَا تَجْعَلْھَا مَغْرمًا) ترجمہ : اے اللہ! اس زکوٰۃ کو نفع کا ذریعہ بنا، اسے نقصان کا سبب نہ بنا‘‘۔ [ابن ماجہ :1797 ، عن ابی ہریرہؓ ]