عوامی اعتماد حاصل کرنے کیلئے مودی نے دیا 7 نکاتی منتر

الہ آباد، 13 جون (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنماؤں کو ہم وطنوں کی امیدوں پر کھرا اترنے کیلئے سات نکاتی فارمولہ پیش کرتے ہوئے آج کہا کہ ان کا اثر پالیسی اور طرز عمل دونوں میں نظر آنا چاہیے تبھی ملک ان پر یقین کرے گا۔بی جے پی کے دو دن کی ایگزیکٹو اجلاس کے ختتام کے موقع پر اپنے خطاب میں مسٹر مودی نے ایک فلسفیانہ انداز میں کہا کہ ملک نے ترقی کا ایک موقع صنعتی انقلاب میں کھو دیا تھا۔ اس طرح کے مواقع بار بار نہیں آتے ، مگر ہندوستان کو ایک بار پھر یہ موقع ملا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم اس دور کا استعمال کر لیں تو آنے والے وقت کے لیے ہم ملک کو بہت مضبوط کر لیں گے ۔ایگزیکٹو اجلاس کے اختتام کے بعد مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ مسٹر مودی نے پارٹی رہنماؤں کے سامنے طرز عمل اور پالیسیوں کیلئے سات نکات رکھے ہیں۔ وہ ہیں خدمت کا جذبہ، توازن، تحمل، تال میل ،مثبت سوچ، دردمندی اور مکالمہ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ان سات باتوں کا اثر پالیسیوں اور طرز عمل دونوں میں نظر آنا چاہیے ۔