عوامی مسائل اب رانچی پہنچے تو ذمہ دار افسران کی خیرنہیں: وزیراعلیٰ

رانچی، 28جون (معیز الدین خان)۔ وزیر اعلیٰ رگھوور داس نے عام لوگوں کے تئیں لاپرواہ افسروں کو سخت لہجے میں خبردار کیا ہے۔ انہوں نے حکام سے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ دیہی علاقے کے مسائل رانچی پہنچے تو ذمہ دار حکام کو بخشا نہیں جائے گا۔سی ایم نے یہ باتیں منگل کو پروجیکٹ بھون کے آڈیٹوریم میں منعقد جن سنوادپروگرام میں کہیں۔ سی ایم نے کہا کہ دیہی علاقے کے آنے والے لوگ کہتے ہیں کہ افسران مسائل کو سننے کے بجائے بھگا دیتے ہیں۔ اب اس طرح نہیں چلے گا۔ حکام کو عوام کے مسائل کو دور کرنا ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ مسائل شہری ترقیات، بجلی محکمہ اور پینے کے پانی وحفظان صحت کے شعبہ سے متعلق ہیں۔ وہیں زمین کے معاملے میں ایس ایچ او صحیح سے کارروائی نہیں کر رہے ہیں۔ ایسے تھانیداروں پر بھی کارروائی ہوگی۔ منگل کو سی ایم نے عوام کی کل 22 شکایتیں سنیں۔