غریبوں کے ساتھ غلط مت کرو ،ان کی آہ لگے گی : رگھوور

رانچی 18 ستمبر (معیز الدین خان): وزیراعلیٰ رگھوور داس نے کہا ہے کہ جھارکھنڈ میں اب بدعنوانی کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کی جائے گی۔ ریاست میں ہونے والے لگ بھگ آدھے جرائم کے پیچھے زمینی تنازعہ رہتا ہے۔ ایک ہی زمین کا بار بار رجسٹریشن ہونے کی شکایتیں اکثر آتی رہتی ہیں اور یہ افسران و ملازمین کی ملی بھگت کے بغیر ممکن نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی آدی واسی غریب کی زمین کے ساتھ غلط مت کرو ، غریبوں کی آہ لگے گی۔ وزیراعلیٰ رگھوور داس نے جھارکھنڈ وزارت میں ریاست کے تمام اضلاع سے آئے ایل آر ڈی سی اور سرکل افسران سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بدعنوانی کے معاملے میں کسی کو تحفظ نہیں ملے گا۔ خواہ افسر کسی بھی سطح کا ہو۔ غریب عوام کے پیسوں سے تنخواہ مل رہی ہے، اس کا استعمال غریبوں کی خدمت میں ہونی چاہئے۔ عوام کے تئیں حساس بنیں ،خود کو افسر نہ سمجھیں خادم سمجھیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاست سے نقل مکانی اور بے روزگاری کو ختم کرنے کیلئے صنعتی کاروبار کی درکار ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ جھارکھنڈ کے بچے بچیوں کو یہیں روزگار دستیاب کرائیں۔ تین سال میں نقل مکانی کو پوری طرح سے روکنا ہے اور جو بچے روزگار کی تلاش میں جھارکھنڈ چھوڑ کر چلے گئے ہیں انہیں واپس بلاکر روزگار دیا جائے گا۔ ریاست میں بڑی تعداد میں سرمایہ کاری ہورہی ہے نئی صنعتیں لگائی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ سنگل ونڈوسسٹم کے توسط سے جو بھی معاملے آئے ان کا نپٹارہ بلاتاخیر کیا جائے ۔