فرار ٹاپروں کے خلاف اشتہارجاری

ایس آئی ٹی کی ٹیم اشتہار لے کر ویشالی اور مظفر پور روانہ ،لال کیشور، اوشا سنہااوربچہ رائے کی ضمانت پرفیصلہ محفوظ ،روبی کی لاپتہ کاپیوں کی تلاش جاری

پٹنہ 30 جون ( طارق حسن): میرٹ گھوٹالے کی جانچ کررہی ایس آئی ٹی کی درخواست پر عدالت نے تین فرار ٹاپروں کے خلاف اشتہار جاری کردیئے ہیں۔ ایس آئی ٹی کی ٹیم اشتہار لے کر متعلقہ ٹاپروں کے گھرویشالی اور مظفر پورکیلئے روانہ ہوگئی ہے۔ دوسری طرف روبی رائے کو نابالغ قرار دیتے ہوئے جووینائل جسٹس بورڈ کی طرف سے اس کے میٹر ک سرٹی فیکٹ عدالت میں پیش کی گئی ہے۔ جس کے مطابق روبی رائے کی تاریخ پیدائش 15 نومبر 1998 ہے اس طرح اس کی عمر اس وقت صرف ساڑھے سترہ سال ہے اور وہ قانونی اعتبار سے نابالغہ ہے۔ اس معاملے کی اگلی سماعت سوموار کو ہوسکتی ہے۔ اس لئے اب سب کی نگاہ عدالت کے فیصلے پر رہے گی کیونکہ وہ قانونی اعتبار سے نابالغہ ہے اور اسے جیل نہیں بھیجا جانا چاہئے تھا۔ عدالت نے بہار اسکول اکزامنیشن بورڈ کے سابق چیئرمین لال کیشور پرساد سنگھ ،اوشا سنہا ،بچہ رائے اور پربھات جیسوال سمیت 6 افراد کی ضمانت کی عرضی پر سنوائی مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔ اس سلسلے میں عدالت کا فیصلہ کیا ہوگا اس پر بھی نظر رہے گی۔ جمعرات کو ایس آئی ٹی کی ٹیم ایک پھر بہار بوڈ کے دفتر پہنچی جہاں اسٹرانگ روم میں ہوم سائنس کی کاپی کی تلاش چل رہی تھی۔ ایس آئی ٹی کی ٹیم کو دیر شام تک کاپی نہیں مل سکی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ روبی رائے کی کاپی بورڈ کے دفتر سے غائب ہوگئی ہے۔ ایس آئی ٹی نے اس معاملے کو پوری سنجیدگی سے لیا ہے۔