فرانس سے36رافیل جنگی طیاروں کا معاہدہ

نئی دہلی، 23 ستمبر (یو این آئی) ہندوستان اور فرانس نے طویل عرصے سے زیر التوا 36 رافیل جنگی طیاروں کی خریداری سے متعلق سودے پر آج دستخط کردیئے ۔وزیر دفاع منوہر پریکر اور فرانسیسی وزیر دفاع یوو زیاں جین نے یہاں اس سودے کے معاہدے پر دستخط کئے ۔دونون ملکوں کی حکومتوں کے درمیان ہوئے اس معاہدے کے تحت ہندوستان 7 اعشاریہ 878 ارب یورو یعنی 59 ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے فرانسیسی کمپنی ڈی سالٹ ایسوسی ایشن سے 36 کثیر مقصدی رافیل طیارے خریدے گا۔اس سودے کے بارے میں گذشتہ 17 ماہ سے بات چیت چل رہی تھی لیکن اس کی قیمت پر اتفاق رائے نہیں ہوپارہا تھا۔وزیر اعظم نریندر مودی کی گزشتہ سال اپریل میں پیرس دورہ کے دوران فرانسیسی صدر فرانزواں اولاں کے ساتھ بات چیت میں اس سودے پر اتفاق ہوا تھا۔ہندوستان کو پہلا جہاز اس معاہدہ پر دستخط کرنے کے 36 مہینوں کے اندر اور بقیہ 35 جہاز اگلے ساٹھ مہینوں میں دیئے جائیں گے ۔ معاہدہ کے مطابق ہندوستان پہلی قسط کے طور پر 9000 کروڑ روپے ادا کرے گا۔رافیل دو انجن والا کثیر مقصدی طیارہ ہے اور اس میں ہوا سے ہوا میں 150 کلومیٹر تک مار کرنے والی میئیور میزائیل، 70 کلومیٹر تک ہوا سے ہوا میں مار کرنے والی میکا میزائل اور ہوا سے زمین میں 300 کلومیٹر تک مار کرنے والی اسکلپ میزائل سے لیس کیا جائے گا۔سودے کے تحت ہندوستان اب فرانس کو 878ء7 ارب یورو ادا کرے گا اس میں 36 طیاروں کے لئے 3403 ملین یورو، اس سے منسلک نظام کے لئے 1800 ملین یورو، ہندوستان کی ضرورت کے مطابق اس میں تبدیلی کے لئے 1700 ملین یورو اور ہتھیاروں کے پیکج کے لئے 710 ملین پورو شامل ہیں۔ہندوستان نے اس سے پہلے ڈی سالٹ ایوی ایشن سے 126 رافیل طیاروں کی خریداری کا معاہدہ کیا تھا۔ لیکن اس سودے میں بعض پیچیدگیوں کی وجہ سے مودی حکومت نے 2015 میں اس سودے کو منسوخ کرکے براہ راست فرانسیسی حکومت سے 36 جنگی طیارے پوری طرح تیار حالت میں خریدنے کا سودا کیا۔وزیردفاع منوہر پریکر نے تقریباً59ہزار کروڑ روپے کے اس سودے کو ملک کے لئے بڑی حصولیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے بھائی فضائیہ کی طاقت اور حملہ کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔