فرینکلن کی ڈریم ٹیم میں تین ہندستانی کرکٹر

نئی دہلی، 21 جولائی (یو این آئی) نیوزی لینڈ کے سابق آل راؤنڈر جیمز فرینکلن نے اپنی آل ٹائم الیون ‘ڈریم ٹیم’ میں تین ہندستانی بلے باز سچن تندولکر، روہت شرما اور آف اسپنر ہربھجن سنگھ کو شامل کیا ہے ۔فرینکلن نے لارڈز کرکٹ میدان کے آفیشیل یو ٹیوب چینل پر اپنی ویڈیو پوسٹ کرکے ٹیم کا اعلان کیا جس میں انہوں نے ان تینوں ہندستانی کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے جو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ممبئی انڈینز کی ٹیم میں یا تو کھیل چکے ہیں یا اس ٹیم کے کھلاڑی ہیں۔ فرینکلن خود ممبئی انڈینس کی طرف سے کھیل چکے ہیں۔ٹیم منتخب کرنے کا پیمانہ یہ ہے کہ وہ انہی کھلاڑیوں کو منتخب کر سکتے ہیں، جن کے ساتھ یا پھر جن کے خلاف وہ کھیلے ہوں۔ فرینکلن نے اپنی ‘ڈریم ٹیم’ میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور ٹیم انڈیا کے تین تین کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے ۔انہوں نے اپنی ٹیم میں سلامی جوڑی کے طور پر اپنے ہم وطن کھلاڑی بلے باز ناتھن ایسٹل اور انگلینڈ کے ا سٹار کرکٹر اور موجودہ کپتان ایلسٹر کک کو ان کے ساتھ رکھا ہے ۔اس کے علاوہ ان کی ڈریم ٹیم میں سچن تندولکر اور برائن لارا اور مڈل آرڈر میں انہوں نے ٹیم انڈیا کے اسٹار کرکٹر روہت شرما کو رکھا ہے ۔مڈل آرڈر میں روہت کے رکھے جانے کے بارے میں فرینکلن نے کہاکہ میں نے اپنی ٹیم میں روہت کو اس لئے شامل کیا کیونکہ حال ہی میں ان کی کارکردگی شاندار رہی ہے اور وہ ون ڈے کرکٹ کے بہت خطرناک بلے باز ہیں۔فرینکلن نے ٹیم کے کپتان کے طور پر نیوزی لینڈ کے سابق کپتان برینڈن میک کلم کو منتخب کیا جبکہ تیز گیند بازی کے شعبہ میں انہوں نے مشیل جانسن، شین بانڈ اور بریٹ لی کو اپنی ٹیم میں جگہ دی ہے ۔تینوں فارمیٹ کے حساب سے ٹیم میں توازن قایم کرنے کے لئے انہوں نے ہربھجن سنگھ اور اینڈریو سائمنڈز کو منتخب کیا۔متنازعہ منکي گیٹ اسکینڈل کے بعد دونوں ساتھ میں ممبئی انڈینس میں کھیل چکے ہیں۔فرینکلن کی ڈریم ٹیم اس طرح ہے :برینڈن میک کلم (کپتان اور وکٹ کیپر)، ایلسٹر کک، ناتھن ایسٹل، سچن تندولکر، برائن لارا، روہت شرما، اینڈریو سائمنڈز، ہربھجن سنگھ، بریٹ لی، مچل جانسن اور شین بانڈ۔