فوجی اعزاز کے ساتھ شہیدوں کی آخری رسوم اد

پٹنہ، 20 ستمبر (یو این آئی) جموں و کشمیر کے اڑي سیکٹر میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہوئے بہار کے تین بہادر سپوتوں کی لاشیں آج انکے آبائی گاؤں لائی گئیں۔گیا سے موصولہ رپورٹ کے مطابق، شہید نائک سنیل کمار دیارتھی کی لاش آج ان کے آبائی گاؤں بوکناري لائی گئی جہاں ہزاروں کی تعداد میں موجود لوگوں نے شہید سنیل امر رہے ، پاکستان مردہ باد کے نعرے لگائے ۔ اس کے بعد شہید کی لاش آخری رسومات کے لئے گیا کے شمشان گھاٹ لے جائی گئی۔اس سے قبل شہید سنیل کی لاش فوج کے خصوصی طیارے سے رانچی سے گیا ہوائی اڈے لائی گئی جہاں فوج کے حکام نے انہیں گارڈ آف آنر دیا۔ اس موقع پر گیا آفیسرس ٹریننگ اکیڈمی کے میجر جنرل ونود وششٹھ کے علاوہ حکومت کے نمائندے کی حیثیت سے صحت عامہ کے وزیر کرشن نندن ورما، ضلع مجسٹریٹ کمار روی اور سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ وقار ملک سمیت پولیس اور انتظامیہ کے کئی سینئر افسران نے شہید کو خراج عقیدت پیش کیا ۔بھبھوا سے موصولہ اطلاع کے مطابق، دہشت گردانہ حملے میں شہید ہوئے کیمور ضلع کا شہید جوان راکیش سنگھ کی لاش وارانسی کے بابت پور ہوائی اڈے سے سڑک کے راستے ان کے آبائی گاؤں نواؤ تھانہ علاقے کے بڈا لایا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلی کے نمائندے کی حیثیت سے موجود ریاست کے درج فہرست ذات و قبائل کے وزیر سنتوش کمار نرالا، علاقائی ممبر اسمبلی اشوک کمار سنگھ، سابق ممبر پارلیمنٹ جگدانند سنگھ، ضلع مجسٹریٹ راجیشور پرساد سنگھ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ ہرپریت کور کے علاوہ فوج اور جنرل ایڈمنسٹریشن کے سینئر حکام نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔اس دوران شہید بہادر سپوت کو گارڈ آف آنر دیا گیا۔شہید کے جسد خاکی کے بڈا پہنچتے ہی بڑی تعداد میں ارد گرد کے گاؤں کے لوگ جمع ہو گئے اور بہادر سپوت راکیش امر رہے کے نعرے لگائے ۔ لوگوں نے دہشت گردی کے لئے پاکستان کو ذمہ دار مانتے ہوئے پاکستان کے خلاف نعرے بازی کی۔آراسے موصولہ رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے میں شہید بھوجپور ضلع کے حولدار اشوک کمار کی لاش وارانسی ہوائی اڈے سے ان کے آبائی گاؤں لٹو ٹولہ پہنچا۔ اس موقع پر حکومت کے نمائندے کے طور پر ریاست کے وزیر صنعت جے کمار سنگھ کے علاوہ ضلع مجسٹریٹ، پولیس سپرنٹنڈنٹ سمیت فوج کے حکام نے شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس سے قبل شہید کی لاش لٹو گاؤں پہنچتے ہی ماحول غمزدہ ہو گیا۔ اس دوران صبح سے ہی بڑی تعداد میں موجود گاؤں والوں نے شہید امر رہے ، پاکستان مردہ باد کے نعرے لگائے ۔اڑی حملے میں شہید بہار کے جوانوں کے ورثا کو ریاستی حکومت اب 11-11 لاکھ روپئے کا معاوضہ دے گی۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے منگل کو اپنے پہلے والے اعلان میں ترمیم کیا۔ خیال رہے کہ سوموار کو گوپال گنج میں وزیر اعلیٰ نے شہیدوں کے ورثا کو پانچ پانچ لاکھ روپئے معاوضہ دینے کا اعلان کیا تھا۔ پانچ لاکھ کے معاوضہ کوناکافی بتاتے ہوئے اس کی تنقید ہورہی تھی اور اس سلسلے میں سوشل میڈیا پر ریاستی حکومت کو نشانہ بنایا جارہا تھا۔ کیونکہ پڑوسی ریاست جھارکھنڈ نے دس دس لاکھ اور اترپردیش نے 20-20 لاکھ روپئے معاوضہ دینے کا اعلان کیا تھا۔ اس بیچ بھوجپور کے شہید اشوک سنگھ کی اہلیہ سنگیتا نے پانچ لاکھ معاوضہ کو یہ کہہ کر ٹھکرادیا تھا کہ ان کا شوہر کسی نالی میں گر کر نہیں مرا ہے یہ بھیک انہیں نہیں چاہئے۔ ریاستی حکومت بھکاری کی طرح اعلان کررہی ہے، مجھے بھیک کی ضرورت نہیں ہے۔ حکومت اپنے پاس رکھے۔