فیڈرر بنے آسٹریلین اوپن چمپئن

میلبورن، 29 جنوری (یو این آئی) سوئس ماسٹر راجر فیڈرر نے 35 سال کی عمر میں بھی اپنا لوہا منواتے ہوئے اتوار کو یہاں آسٹریلین اوپن مرد سنگلز کے خطابی مقابلے میں ا سپین کے رافیل نڈال کو پانچ سیٹ کے سخت جدوجہد میں شکست دے کر اپنا 18 واں گرینڈ سلیم جیت لیا۔17 بار کے گرینڈ سلیم چمپئن فیڈرر نے تین گھنٹے 37 منٹ تک چلے پانچ سیٹ کے مقابلے میں نڈال کو 6۔4 ،3۔6، 6۔1 ،3۔6 ،6۔3 سے شکست دی۔سال کے پہلے گرینڈ سلیم کے اس مقابلے میں ‘بگ فور ‘ کے ان دونوں ہی کھلاڑیوں کو فتح حاصل کرنے کا برابری سے مستحق مانا جا رہا تھا۔راڈ لیور ایرینا میں فیڈرر نے پانچویں فیصلہ کن سیٹ میں 1۔3 سے پچھڑنے کے بعد زبردست واپسی کی اور پھر فورہینڈ لگاتے ہوئے میچ پوائنٹ جیتنے کے ساتھ میچ اپنے نام کر لیا۔فیڈرر کا یہ پانچواں آسٹریلین اوپن ٹائٹل بھی ہے ۔فیڈرر اسی کے ساتھ دنیا کے پہلے ٹینس کھلاڑی بھی بن گئے ہیں جنہوں نے تین مختلف گرینڈ سلیم خطابات کو پانچ پانچ بار جیت لیا ہے ۔وہ 35 سال کی عمر میں یہ کامیابی درج کرنے والے 1972 کے بعد پہلے عمردراز مرد سنگلز کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔فیڈرر سے پہلے سال 1972 میں کین روسول نے 37 سال کی عمر میں آسٹریلین اوپن جیتا تھا۔
اس سے پہلے خواتین کے سنگلز میں 35 سال کی امریکی کھلاڑی سرینا ولیمز نے اپنی 36 سالہ بہن وینس کو شکست دے کر یہاں خطاب جیتا ہے ۔
آسٹریلین اوپن کے اس مقابلے کو لے کر دنیا بھر کے ٹینس شائقین کی نگاہیں لگی تھیں جو سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ پر اسے ‘فیڈال’ کے درمیان مقابلہ بھی کہہ رہے تھے ۔تاہم نڈال اپنی ہار کے ساتھ ہی 15 واں گرینڈ سلیم ٹائٹل حاصل کرنے سے چوک گئے ۔ نویں سیڈ نڈال نے بلغاریہ کے گرگور دمتروو کو سیمی فائنل میں پانچ سیٹ کے سخت جدوجہد میں شکست دی تھی۔
فیڈرر اور نڈال کے درمیان یہ نواں گرینڈ سلیم فائنل اور نڈال کے 2009 میں یہاں خطاب جیتنے کے بعد میلبورن پارک میں پہلا فائنل میچ تھا۔ٹینس تاریخ میں یہ دونوں کھلاڑی اکیلے 32 گرینڈ سلیم خطابات کے بادشاہ ہیں جس میں فیڈرر کے پاس اب 18 جبکہ نڈال کے پاس 14 گرینڈ سلیم ہیں۔
ٹینس کے ان دونوں کھلاڑیوں کو طویل عرصے سے ایک عدد گرینڈ سلیم ٹائٹل کی تلاش تھی۔ فیڈرر نے اپنا آخری گرینڈ سلیم ٹائٹل 2012 میں ومبلڈن کے طور پر جیتا تھا جبکہ نڈال نے اپنے 14گرینڈ سلیم میں آخری گرینڈ سلیم 2014 میں فرانسیسی اوپن کے طور پر جیتا تھا۔نڈال نے اپنا سنگلز آسٹریلین اوپن ٹائٹل 2009 میں جیتا تھا۔فیڈرر نے 2017 کے خطاب سے پہلے (2004، 2006، 2007 اور 2010) میں آسٹریلین اوپن ٹائٹل جیتا تھا۔
فیڈرر کا یہ آسٹریلین اوپن میں 100 واں میچ بھی تھا اور انہوں نے یہاں گرینڈ سلیم جیت کراس کو یادگار بنا دیا۔وہیں یہ فیڈرر کا 28 واں گرینڈ سلیم فائنل بھی تھا۔فیڈرر سال 2003 میں ومبلڈن ٹائٹل کے ساتھ گرینڈ سلیم جیتنے والے پہلے سوئس کھلاڑی بنے تھے ۔وہ واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے دو گرینڈ سلیم میں مسلسل پانچ بار خطاب جیتے ۔فیڈرر نے ومبلڈن اور یو ایس اوپن میں یہ کامیابی اپنے نام کی تھی۔