قانون ساز یہ کا اجلاس سوموار تک کیلئے ملتوی

پٹنہ 25 نومبر( پرمو د کمارپاٹھک)بہارقانون سازیہ کا سرمائی اجلاس آج سے شروع ہواجس کے تحت قانون ساز کانسل کی کارروائی حسب معمول شروع ہوئی۔آج اپوزیشن کا تیور بھی بالکل نرم دیکھا۔ کو نسل کے چیئر مین اودھیش نرائن سنگھ نے اپنے ابتدائی خطاب میںاراکین سے سیشن کے دوران زیادہ سے زیادہ عوامی مسائل کو ایوان میں اٹھانے کی اپیل کی ۔ ابتدائی خطاب کے بعد بہارکے سابق گورنرڈاکٹراے آر قدوائی،شفیع قریشی اور دیگر رہنماﺅں کے ساتھ ساتھ ہند پاک سرحد پر مارے گئے جوانوں اور اندور راجندرنگر اکسپریس کے حادثہ میں مارے گئے لوگو ں کو ایک منٹ خاموش رہ کر خراج عقیدت پیش کیاگیا۔اس کے ساتھ ہی ایوان کی کارروائی سوموار کے 12 بجے دن تک کیلئے ملتوی کردی گئی ۔اس سے قبل چیئرمین نے رواں اجلاس کیلئے پریزائڈینگ اراکین ، بزنس اڈوائزری کمیٹی کی تشکیل کااعلان کیا۔اس اجلاس کیلئے کل 6 نشستیں مقرر کی گئیں ہیں ۔اجلاس کے پہلے دن ایوان میں بر سر اقتداراور حزب اختلاف کے اراکین ایک دوسرے سے گرم جو شی کے ساتھ گلے ملتے دیکھے گئے ۔ایوان کے اندراورباہراپوزیشن کے اراکین سے ملی جانکاری کے مطابق سموار سے ہونے والے اس اجلاس کے دوران ایک دو سرے سے زور آزمائی کا نظارہ دیکھنے کو مل سکتاہے ۔اس سیشن کولیکر آج قانون سازیہ کے احاطہ اور اس کے باہر تحفظ کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں ۔ غور طلب ہے کہ اس جلاس کو لیکر قانون ساز یہ کے آس پاس کے علاقو ں میں حکم امتناعی نافذکردیاگیاہے ۔