قانون کا راج قائم رکھنے میں پولس کا اہم کردار: نتیش

پٹنہ 28 ستمبر (اسٹاف رپورٹر): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے بدھ کو بہار پولس بھون نرمان نگم کے ذریعہ تعمیر شدہ عمارتوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد کیا اور پولس ہیڈکوارٹر کے ذریعہ چلائے جارہے جدید کنٹرول روم ہیلپ لائن کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج ایک بار پھر بہار پولس بھون نرمان نگم کے پروگرام میں شامل ہونے کاموقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کارپوریشن لگاتار ترقی کررہا ہے۔ 2007 کے بعد جب سے کارپوریشن کو نئی ذمہ داریاں دی گئی ہیں تب سے یہ لگاتار منافع کی طرف بڑھ رہا ہے۔ 2015-16 میں اس کا مجموعی ٹرن اوور 280 کروڑ روپئے رہا ہے۔ یہ کارپوریشن آج کارپوریٹ سوشل رسپانسبلیٹی کے تحت کافی کام کرہا ہے۔ یہ کارپوریشن اب وزیراعلیٰ راحت فنڈ میں بھی رقم دینے لگا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس وقت پولس محکمہ کی توسیع ہورہی ہے۔ زیادہ سے زیادہ بنیادی ڈھانچے کی ضرورت سامنے آرہی ہے۔ انہوں نے بھی پولس لائن دیکھے ہیں وہاں پر پولس اہلکاروں کے رہنے کا اچھا انتظام نہیں تھا لیکن اب اس شعبے میں کافی کام ہورہا ہے اورپولس والوں کی سہولت کا بھی انتظام ہورہا ہے۔ تھانوں کی نئی عمارتیں بن رہی ہیں ا۔ انہوں نے گاندھی میدان تھانہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کا پہلا ایسا تھانہ ہے جس میں لفٹ کی بھی سہولت ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قانون کا راج قائم رکھنا ہماری حکومت کی بنیاد ہے اور یہ کام پولس کی مدد کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ بہار میں قانون کاراج قائم کرنے میں محکمہ پولس کا اہم تعاون رہا ہے اور اس محکمہ کی ضرورتوں کو پورا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔