قرآن مجید کے احکامات پر عمل کر کے ہی معاشرے سے برائیوں کا خاتمہ ممکن:حافظ حسام الدین

مشرقی چمپارن کے خیروا کے مدرسہ تجوید القرآن میں ۳۹۹ بچوں کی دستاربندی،باہر سے آئے مقررین نے سامعین کو قرآن سے متعلق کئی اہم نصائح کئے گوش گذار

محمد ارشد، 8مئی (مشرقی چمپارن)۔ قرآن مجید ایسی مقدس کتاب ہے جس کے احکامات پر عمل کر کے ہی انسان کامیابی کے منازل طے کر سکتا ہے ۔آج دنیا میں تیزی کے ساتھ اسلام کے پھیلنے کا باعث محض قرآن مجید کے احکامات کی وجہ سے ہے۔ اس کا مطالعہ کر کے تیزی کے ساتھ اسلام کی جانب راغب ہو رہے ہیں ۔ اسلامی مدارس امن کے علمبردار ہیں۔آج عالمی سطح پر طاغوت وقت ان کے خلا ف محاذ آرائی کئے ہوئے ہیں۔ اور موقع ملتے ہی مدارس کے خلا ف بگل بجا دیتے ہیں۔ مدارس میں علم وحی کی ساتھ ساتھ نسل خورد کے اسلامی عقائد درست کرائے جاتے ہیں۔ آج مسلمان کی زندگی سے نبی کا اسوہ نکل چکا ہے۔ اس لئے ہم چہار سو مصائب میں مبتلا ہیں ۔عالم یہ ہے کہ ہم اپنے گھریلو کسی بھی کام میں یہ نہیں دیکھتے کہ اس کام کو آنحضرت ﷺ کس طرح کیا کرتے تھے۔ مذکورہ باتیں مدرسہ تجوید القرآن خیروا میں منعقد جلسہ دستار بندی سے خطاب کرتے ہوئیحافظ حسام الدین نے کہی۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ پرست طاقتوں کا نشانہ آج کل مدار س ہے۔ اور وہ کسی بھی موقع کو گنوانا نہیں چاہتے اور اور وہ ہمیشہ اس بات کی سعی میں رہتے ہیں کہ کوئی شوسہ ملے جس سے ہم دونوں فرقوں کو آپس میں لڑا سکے ۔آ ج کل قرآن مجید کی تعلیمات کی کمی ہی ہے جس کی وجہ سے لوگ اس کے تعلیمات سے کوسوں دور ہے اس کا فریضہ ہم اہل مدارس پر ہے کہ ہم لوگوں کو زیادہ سے زیادہ مدارس سے جوڑیں اور انہیں قرآن مجید کی تعلیم دیں۔ اس موقع پر انہوں نے قرآن مجید کی اہمیت اور اس کی فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ ہر طرح کی ضلالت و گمراہی سے نجات دلانے والی واحد کتاب قرآن مجید ہے۔ بغیر قرآن مجید کے احکامات پر عمل کئے انسان ضلالت کی تاریکیوں سے نہیں نکل سکتا ۔انہوں نے دستار بندی کی فضیلت حاصل کرنیوالے طلبہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ قرآن مجید و ہ مقدس کتاب ہے جس نے انسانیت ہی نہیں بلکہ دنیا کے ہرشعبہ میں اہم امور انجام دیئے ہیں اور اس کے ذریعہ انسان حیوانیت سے ہٹ کر انسانیت کے زمرے میں داخل ہوا ہے قرآن مجید ایسی مقدس ذات پر نازل ہوا جو تمام انبیاء کا سلطان ہے ۔ جس نے دین کی اشاعت کے خاطر پتھریں کھائیں ہیں اور اپنے قوم کے فلاح اور اسلام کو پھیلانے کے لئے طرح طرح کے مصائب جھیلیں ہوں وہ ایسی ذات مقدس ہے جس پر قرآن مجید جیسی کتاب نازل ہوئی جس کو ماننے سے کوئی فرد انکار نہیں کر سکتا۔ قرآن مجید کی حقانیت سے دنیا کا کوئی فرد رو گردانی نہیں کر سکتا ۔ انہوں نے قرآن مجید کے حقائق پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج سے چودہ سو سال قبل قرآن مجید میں جو باتیں ذکر کی گئی تھی جسے لوگ سحر سمجھتے تھے آج انہی باتوں کو سچ ہوتا دیکھ کر قرآن مجید کی حقانیت کے گرویدہ بن رہے ہیں۔ وہیں اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا حبیب صاحب نے فارغین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ اپنی ذمہ داری کا احساس خود کریں۔ اور اخلاص نیت کے ساتھ قوم کی رہبری کا عملی مظاہرہ کرے ساتھ ہی طلبہ محنت اور لگن کے ساتھ اپنے علاقے میں مذہب اسلام کی ترویج و اشاعت کا فریضہ انجام دیں۔ انہوں نے کہاکہ قرآن مجید پر عمل کرکے معاشرے سے ہم تما م برائیوں کا خاتمہ کرسکتے ہیں قرآن مجید ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ وہیں اس موقع پر انجینئر عبد الرحمن نے مدارس اسلامیہ کی زریں تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ مدارس اسلامیہ نے ہمیشہ دہشت گردی کا خاتمہ اور دفاع کیا ہے۔ مدارس کے قیام کا مقصد دین محمدی کے پیغام کو قرآن کریم کے مطابق لوگوں تک پہونچا نا اور انسانیت سازی کی تعمیر و تشکیل میں کارہائے نمایا انجام دینا ہے ۔ مدارس اسلامیہ میں بھائی چارہ امن و محبت کا درس دیا جاتا ہے ۔جناب رحمن نے خطاب میں قرآن کریم کی عالمگیر آفاقیت پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے حاضرین سے قرانی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کی تلقین کی انہوں نے اس ترقی یافتہ عہد میں دینی علوم کے ساتھ عصری اعلی علوم کی تحصیل کو تمام شعبوں میں فلاح و کامرانی کا باعث قرار دیتے ہوئے نسل نو کو اسلامی تعلیمات کی روشنی میں عصری علوم و فنون سے آراستہ کرنا ناگزیر ہے انہوں نے جامعہ کے فارغین حفاظ کرام کو تنہنیت پیش کرتے ہوئے اساتذہ اور والدین و ذمہ داران ادارہ کی مخلصانہ جدو جہد کو خوب سراہا اور ان کے خدمات کو قابل تحسین قرارد یا اس موقع پر جلسہ کی نظامت کررہے مفتی معراج نے بھی جامعہ کے خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہا کہ جامعہ از ابد ہی پوری طرح اپنی خدمات انجا م دے رہا ہے اور جامعہ سے ہر سال سیکڑوں کی تعداد میں حفاظ کرام فراغت پاتے ہیں اس موقع پر پروگرام کا آغاز باضابطہ تلاوت کلام اللہ سے کیا گیا جبکہ صدارت کے فرائض انجینئر عبد الرحمن نے نبھائی وہیں پروگرام حافظ حسام الدین کے زیر نگرانی پایہ تکمیل کو پہونچا اس موقع سے جانکاری دیتے ہوئے جامعہ موقر استاذ جناب ندیم ظفر نے بتایا کہ ۳۹۹ بچوں کی دستار بندی کی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ جامعہ سے ہر سال تقریبا پانچ سو سے زائدحفاظ کرام سند فضیلت حاصل کرتے ہیں اس موقع پر شرکت کرنے والوں میں قاری احمد اللہ، قاری ساجد ، قاری عبد الماجد، قاری مشتاق قاری شرف الدین ، سمیت ہزاروں کی تعد اد میں اسماء شامل ہیں پروگرام کا اختتام ناظم تعلیمات مولانا عبد الرؤف صاحب کی دعا پر ہوا ۔ اس موقع پر مدرسہ کے ھٰذا کے ناظم حافظ حسام الدین صاحب نے بھی مدرسہ کے خدمات اور یہاں ہزاروں کی تعداد میں تعلیم حاصل کر رہے بچوں کی خاکسار زندگی پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہی قوم کے رہنماہیں یہی قوم کے معمار ہے یہی معصوم بچے قوم کے مستقبل کی تابناکی کے ضامن ہیں۔ اس موقع پر مدرسہ ھٰذا کے تمام اساتذہ اور بچوں نے پروگرام کو کامیاب بنانے میں اپنی دم خم لگا دی۔اور تمام بچے دستار بندی کی فضیلت حاصل کرنے کے بعد خوش و خرم نظر آئے۔