قرآن میں تین طلاق کا تصورنہیں : سلمیٰ انصاری

نئی دہلی249 9 اپریل (یو این آئی) نائب صدر حامد انصاری کی اہلیہ سلمی انصاری نے تین طلاق کے تصور کو لغو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قرآن میں ایسا کوئی تصور نہیں ہے ۔محترمہ انصاری نے یواین آئی کے ساتھ خاص بات چیت میں کہا، ”قرآن میں تین طلاق کا کوئی ذکر نہیں ہے ۔ اس مسئلے پر پھیلی غلط فہمی کو ختم کرنے کے لئے لوگوں کو یہ جاننا ہوگا کہ قرآن میں کیا کہا گیا ہے اور پیغمبر اسلام کیا کہتے ہیں۔ قرآن میں طلاق کے معاملے پر ایک مکمل باب ہے ۔ لوگوں عربی زبان میں لکھی قرآن کا ترجمہ پڑھنا چاہیے تاکہ وہ اسے صحیح تناظر میں پڑھ کر اس کا حقیقی معنی سمجھ سکیں”۔محترمہ انصاری نے کہا کہ آج کل اخبار میں اشتہار کے ذریعے یا سوشل میڈیا کے ذریعے طلاق دینے کا چلن زوروں پر ہے لیکن یہ چلن خواتین کی جہالت کی وجہ سے مقبول ہو رہا ہے ۔ ان کے مطابق عام لوگ قرآن ترجمہ نہیں پڑھ رہے جس کا فائدہ اٹھا کر مولوی اپنے طریقے سے قرآن کی تشریح کر رہے ہیں اور انہیں گمراہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر خواتین خود ہی قرآن پڑھنے لگیں گی تو انہیں خود بہ خود پتہ چل جائے گا کہ قرآن میں تین طلاق جیسی کوئی بات ہی نہیں ہے بلکہ یہ تو انہیں راستہ دکھاتا ہے ۔ محترمہ انصاری نے کہا، ”قرآن پڑھیے ، حدیث پڑھیے اور خود جانیے کہ رسول نے کیا کہا۔ میرا خیال ہے کہ خواتین کو خود قرآن پڑھ کر اس پر غور کرنا چاہئے تاکہ انہیں پتہ چلے کہ رسول نے کیا کیا کہا ہے اور شریعت کیا کہتی ہے ”۔