لڑکیوںکی اسمگلنگ روکنے کےلئے خواتین کو آگے آنے کی ضرورت:نازیہ الٰہی خان

کو لکاتا: 24 دسمبر ( شبیب عالم )اس استدلال کے ساتھ کہ جرائم اور تشدد سے پاک معاشرہ اور سماج کی تشکیل کیلئے قانون سے واقفیت ہر انسان کی ذمہ داری ہوتی ہے معروف قانون داں اورسماجی کارکن ایڈوکیٹ نازیہ الہیٰ خان نے کہا ہے کہ خواتین کمیشن اور عورتوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے والے اداروں کو چاہئے کہ وہ اپنے موجودہ دائرہ کارمیں وسعت لائیں اور عوام بالخصوص عورتوں کو قانونی مشاورت اور مدد فراہم کریں۔ بے بس‘ لاچار اور غریب مظلوم افراد کو مفت قانونی امداد فراہم کریں جس سے معاشرے کے ستائے ہوئے بے سہارا لوگوں کوفوری اور جلد انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔محترمہ خان جنوبی 24پرگنہ ضلع کے سندربن میں واقع ماجد باٹی موضع میں لیگل ایڈبیداری کیمپ سے خطاب کررہی تھیں۔ ایڈوکیٹ نازیہ الہیٰ خان نے کہا کہ جس طرح ہر انسان چھوٹی موٹی تکلیفوں کیلئے معروف دوا?ں کا خود استعمال کرلیتا ہے اسی طرح بلکہ اس سے بڑھ کر چاہئے کہ وہ قانو ن سے واقفیت حاصل کرے تاکہ ضرورت پڑنے پر وہ اپنے قانونی حقوق اور فرائض کو سمجھ سکے۔ہرشخص کوقانون جاننے اور سمجھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ جب تک ہم اپنے قانونی حق اور فرائض سے واقف نہیں ہوں گے برے بھلے میں تمیز نہیں کرسکتے ہیں۔قانونی پابندیوں کو جانے بغیر ہم اس پرعمل نہیں کرسکتے ہیں اور نہ ہی اپنے حقوق جانے بغیر اس کا دعویٰ کرسکتے ہیں۔گھریلو تشدد کے معاملے میں تھانہ پولس اور کچہری کے چکر لگانے والی خواتین کواپنے قانونی حقوق کے سلسلے میں زیادہ آگاہ ہونے کی ضرورت ہے۔مالی مشکلات ‘ ناخواندگی اور غربت کی وجہ سے بعض اوقات بے گناہ خواتین قانونی موشگافیوں میں پھنس کررہ جاتی ہیں۔ انہوں نے جرائم کی بیخ کنی اور پرامن معاشرہ کے قیام کیلئے قانون سے واقفیت ہرشخص کی ضرورت ہے۔یادرہے کہ مغربی بنگال کے دو اضلاع جنوبی اورشمالی24پرگنہ پڑوسی ملک بنگلہ دیش کی سرحد سے متصل ہیں اور وہاں ہیومن ٹریفکنگ کے واقعات زیادہ ہوتے ہیں اور قانون نہ جاننے کی وجہ سے بعض اوقات عام آدمی بری طرح پریشان ہوتا ہے۔ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھاریٹی اور سنکلپ ٹوڈے نامی رفاہی ادارہ کے اشتراک سے منعقد ہونے والی اس لیگل ایڈبیداری پروگرام کے مہمان خصوصی جسٹس اریجیت مکھوپاددھیائے تھے جنہوں نے اپنے تجربہ اور علم کی روشنی میں عوام کو قانونی مشاورت فراہم کی۔