مارک شیٹ کیلئے وشنو کالج کے انٹر پاس طلبا سڑک پر اترے

پٹنہ 26 ستمبر (اسٹاف رپورٹر): انٹر گھوٹالہ سامنے آنے کے بعد کالج کی منظوری رد کئے جانے اور امتحان میں کامیابی کے باوجود مارک شیٹ روکے جانے سے ناراض ویشالی کے بدنام زمانہ وشنو رائے کالج کے انٹر پاس طلبا نے سوموار کو رام پور میں این ایچ جام کر کے گھنٹوں ہنگامہ کیا۔ پانچ طلبا نے خود سوزی کی بھی کوشش کی اس بیچ ہائی کورٹ نے اس معاملے میں جیل میں بند شیل کماری کو ضمانت پر چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سوموار کی صبح بھگوان پور ،کرت پورمیں واقع وشنو رائے کالج کے سینکڑوں طلبا سڑک پر اتر آئے اور حاجی پور، مظفر پور این ایچ 77 کو جام کر کے ہنگامہ شروع کردیا۔ اس دوران کالج کے پانچ طلبا نے خود سوزی کی بھی کوشش کی۔ طلبا کا کہنا تھا کہ چھ مہینے سے انٹر کی مارک شیٹ اور سرٹی فیکٹ کیلئے کالج سے لے کر بورڈ آفس اور وزیر تعلیم تک سے مل چکے ہیں مگر ابھی تک اس سے محروم ہیں۔ سرٹی فیکٹ اور مارک شیٹ نہیں ملنے سے ان کا ایک سال برباد ہوجائے گا۔ہنگامہ کی خبر ملتے ہی بھگوان پور تھانہ کی پولس جائے واردات پر پہنچی اور طلبا کو سمجھا بجھا کر جام ختم کرنے پر آمادہ کیا۔