مالیگاؤں دھماکہ کیس:کرنل پروہت پہنچے سپریم کورٹ

نئی دہلی، 28 اپریل (یواین آئی) سال 2008 کے مالیگاؤں بم دھماکے کیس میں ملزم سابق فوجی افسر لیفٹننٹ کرنل پرساد سری کانت پروہت نے ضمانت کے لئے آج سپریم کورٹ کا رخ کیا۔ بمبئی ہائی کورٹ سے راحت نہیں ملنے کے بعد کرنل پروہت نے عدالت میں عرضی دائر کرکے ضمانت پر رہائی کا حکم دینے کی درخواست کی ہے ۔ ہائی کورٹ سے اس معاملے کے اہم ملزمان میں سے ایک سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو گزشتہ دنوں ضمانت ملی تھی۔ ہائی کورٹ نے اگرچہ کرنل پروہت کو ضمانت پر رہا کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے سپریم کورٹ کا رخ کیاہے ۔کرنل پروہت نے اپنی درخواست میں مساوات کی بنیاد پر ضمانت دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ وہ آٹھ سال سے جیل میں بند ہیں۔ اس صورت میں ہائی کورٹ نے صحیح فیصلہ نہیں دیا ہے ۔ عرضی میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہائی کورٹ نے فوج کی کورٹ آف انکوائیري کی رپورٹ پر غور نہیں کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ وہ فوج کے لئے خفیہ طورپر کام کرتے تھے ۔چیف جسٹس جے ایس کیہر نے درخواست گزار کو یقین دلایا کہ وہ ان کی درخواست پر غور کریں گے ۔