متھراکے جواہر باغ سانحہ کی عدالتی جانچ کا حکم

لکھنؤ07 جون (ایجنسی): اترپردیش کے وزیراعلیٰ اکھلیش سنگھ یادو نے متھروا کے جواہر باغ سانحہ کی عدالتی جانچ کا حکم دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت کے بعد ریاستی حکومت نے الہ آباد ہائی کورٹ کے سبکدوش جج جسٹس مرزا امتیاز مرتضیٰ کی صدارت میں ایک نفری جانچ کمیشن کی تشکیل کی ہے۔ کمیشن کا ہیڈ آفس لکھنؤ ہوگا اور اسے دو ماہ کے اندر اپنی رپورٹ حکومت کو سونپنے کیلئے کہا گیاہے۔ ریاستی حکومت کے ترجمان نے یہ اطلاع دیتے ہوئے منگل کو بتایا کہ ایک نفری جانچ کمیشن تشدد سے جڑے 6 اہم پہلوؤں پر جانچ کرنے کے بعد اپنی رپورٹ دے دی۔ ترجمان کے مطابق کمیشن ان اسباب اور حالات کو جاننے کی کوشش کرے گی جس کی وجہ سے اتنا بڑا معاملہ ہوا۔ ساتھ ہی اس معاملے میں خفیہ محکمہ کی طرف سے اطلاعات حاصل کرنے ، پولس اور انتظامیہ کے افسران کے رول کی بھی جانچ ہوگی۔ کمیشن یہ مشورہ بھی دے گا کہ آئندہ اس طرح کے واقعات رونما نہ ہو اس کیلئے کون سے احتیاطی قدم اٹھائے جائیں۔