مجھے سی پی آئی ایم اور بھاجپا کی سازشوں سے خوف نہیں : ممتا

اگرتلہ ،09 اگست (ایجنسی): ترنمول کانگریس صدر اور مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ  نے تریپورہ کے عوام سے اپیل کی ہے کہ 2018 کے تریپورہ اسمبلی انتخابات میں اپنے ووٹوں کی طاقت کی بدولت بایاں محاذ کو اقتدار سے باہر کریں۔ منگل کے روز ویویکا نند اسٹیڈیم میں ایک بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ممتا نے کہا کہ میں تریپورہ بار بار آؤں گی اور میری پارٹی کی پوری قیادت سی پی آئی ایم کو ہرانے کیلئے کام کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ بنگال کے عوام تریپورہ سے سی پی آئی ایم کو بے دخل کرنے کیلئے پوری طرح سے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تریپورہ میں کوئی انڈسٹری نہیں ہے یہاں کوئی بھی اچھا تعلیمی ادارہ نہیں ہے۔ کوئی ہیلتھ سنٹر نہیں ہے، لاکھوں کی تعداد میں نوجوان بے روزگار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ٹی ایم سی تریپورہ میں برسراقتدار آجاتی ہے تو ہر وہ کام کرے گی جو تریپورہ کو چاہئے۔ انہوں نے مغربی بنگال میں چلائے جارہے مختلف طرح کے منصوبوں کاذکر کرتے ہوئے کہا کہ سی پی آئی ایم کو صرف اتنا معلوم ہے کہ ممتا بنرجی کی مخالفت کیسے کریں، پبلک منی کو کیسے لوٹا جائے اورتشدد کو کیسے بھڑکایا جائے۔ ممتا نے بھاجپا پر بھی نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کو صرف اتنا معلوم ہے کہ کیسے فرقہ وارانہ فساد کرایا جائے، کیسے اشتہار بازی کی جائے اور ہم لوگوں کے خلاف ایجنسی کو کیسے استعمال کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ مجھے ان ساری چیزوں سے کوئی خوف نہیں ہے۔