مردوں کیلئے رونا کوئی بْری بات نہیں : امیتابھ

ممبئی،۱۸،ستمبر(پی ایس آئی)بولی وڈ معروف اداکار امیتابھ بچن نے حال ہی میں خواتین کے حقوق پر بنائی جانے والی فلم ’پنک‘ میں ایک وکیل کا کردار ادا کیا ہے جسے شائقین کی بھرپور داد موصول ہورہی ہے۔بولی وڈ لائف کی ایک رپورٹ کے مطابق امیتابھ بچن سے سوال کیا گیا کہ انہیں کن خواتین نے سب سے زیادہ متاثر کیا جس پر اداکار کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ نے ہمیشہ انہیں کافی متاثر کیا۔امیتابھ کے مطابق ان کی والدہ سکھ تھیں اور وہ اس حساب سے سردار ہیں۔امیتابھ بچن نے اس دوران اپنا ایک قصہ شیئر کرتے ہوئے کہا ’بچپن میں، میں اپنے گھر کے پیچھے والے حصے میں کھیلا کرتا تھا، ایک دن کچھ لڑکوں نے مجھے مارا اور میں روتے ہوئے واپس آیا، میری والدہ نے مجھے کہا کہ واپس جاؤ اور ان کو بھی مار کر آؤ اور میں نے ایسا ہی کیا‘۔امیتابھ نے مزید کہا کہ سماج میں مردوں کیلئے رونا بْرا سمجھا جاتا ہے جبکہ ان کے مطابق اس میں کوئی بْری بات نہیں۔واضح رہے کہ 73 سالہ امیتابھ بچن طویل عرصے سے اپنی بہترین اداکاری کے باعث بولی وڈ پر راج کررہے ہیں، اپنی کامیابی کا راز کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ’میں ہر صبح اٹھتا ہوں اور میرے پاس کام کرنے کے لیے ایک فلم موجود ہوتی ہے‘۔