مریخ پر بھی پھنسے ہوں گے تو وطن واپس لے آؤں گی : سشما

نئی دہلی، 8 جون (یو این آئی)خارجہ امور سے متعلق امور پر پوری شدت اور سرگرمی سے کام کرنے والی وزیر خارجہ سشما سوراج اپنے کام میں جتنی وقف ہیں اتنا ہی سوشل میڈیا پر اپنی حاضر جوابی کے لئے بھی جانی جاتی ہیں۔کچھ ایسا ہی واقعہ اس وقت دیکھنے کو ملا جب کرن سینی نامی ایک شخص نے مذاق کے لہجہ میں انہیں ٹوئٹ کیا ”میں مریخ سیارے پر پھنس گیا ہوں۔ 987 دن پہلے مریخ بھیجا گیا کھانا پانی اب ختم ہورہا ہے ، دوسرا منگل یان کب بھیجا جائے گا، اتنا ہی نہیں اس نے ٹوئٹ میں اسرو کو بھی ٹیگ کیا۔مسز سوراج نے اس مزاحیہ ٹوئٹ کا جواب بھی بڑے ظریفانہ انداز میں دیا، انہوں نے لکھا ”اگر آپ مریخ پر پھنس گئے ہیں تو ہندوستانی سفارتخانہ آپ کی وہاں بھی مدد کرے گا۔پاسپورٹ کا معاملہ ہو یا غیر ملکی سرزمین پر کسی بحران میں پھنسے ہندوستانیوں کو مدد پہنچانی یا انہیں وطن واپس لانا ہو مسز سوراج نے وزیر خارجہ ہونے کے ناطے اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی انجام دیا ہے ۔ ان کے اس طرز عمل سے ان کی مقبولیت کافی بڑھی ہے ۔