مزدوری سے آزاد بچوں کو وزیراعلیٰ راحت فنڈ سے ملیں گے 25 ہزارروپئے

پٹنہ 12 جون (اسٹاف رپورٹر): بہار میں بچہ مزدوری سے آزاد کرائے گئے بچوں کو وزیراعلیٰ راحت فنڈ سے 25 ہزار کی امدادی رقم ملے گی۔ یوم بچہ مزدور کے موقع پر منعقد ایک تقریب میں وزیراعلیٰ نتیش کمار نے یہ اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے چائلڈ لیبر ٹریکنگ سسٹم کا اجرا کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کے ذریعہ تیار ٹریکنگ سسٹم سے آئی انپٹ کے بعد انہیں 25 ہزار کی رقم دی جائے گی۔ یہ پیسہ ان کے نام سے جمع کیا جائے گا۔ اس سے ان کے اندر خود اعتمادی آئے گی اور وہ بہتر محسوس کریں گے۔ اس کے پہلے وزیراعلیٰ کے سامنے آزاد کرائے گئے بچہ مزدوروں نے اپنی چارٹر آف ڈیمانڈ رکھی، جس میں اپنی پڑھائی لکھائی اور محفوظ مستقبل کے ساتھ ساتھ اپنے گارجین کو بھی تعلیم یافتہ اور بیدار کرنے کی مانگ کی ہے۔ سی ایم نے ان کے چارٹر آف ڈیمانڈ کو فوری طور پر منظور کرتے ہوئے ان کے مطالبات کو پورا کرنے کیلئے چیف سکریٹری کی صدارت اسپیشل کمیٹی بنانے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کمیٹی بچہ مزدوروں کے تمام مطالبات ، ان کے مسائل پر غور کرے گی۔ اس کے بعد ہم آگے اسی بنیاد پر ان کے مسائل کو دور کرنے کا منصوبہ بنائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمارا منصوبہ تو یہ ہونا چاہئے کہ کوئی بچہ مزدور ہی پیدا نہ ہو ،اس کیلئے سنجیدگی سے کام کرنا ہوگا۔