مقتول افسران کے خاندان کو 50 لاکھ اور سرکاری نوکری

لکھنؤ، 4 جون (یو این آئی) اترپردیش حکومت نے متھرا کے جواھرباغ میں غیر قانونی قابضین کے حملے میں ہلاک پولیس سپرنٹنڈنٹ مکل دویدی اور فرہ تھانہ انچارج سنتوش یادو کے اہل خانہ کو اب 50 لاکھ روپے کی مالی مدد دینے کا اعلان کیا ہے ۔اس کے ساتھ ہی حکومت دونوں خاندانوں کو غیر معمولی پنشن کے علاوہ خاندان کے ایک رکن کو ملازمت بھی دے گی۔صوبے کے وزیر اعلی اکھلیش یادو نے آج یہاں کہا ”دکھ کی اس گھڑی میں حکومت شہید پولیس افسران کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے ۔ پسماندگان کی بازآباد کاری میں حکومت پوری مدد کرے گی۔ شہید پولیس حکام کے اعزہ کو دی جانے والی اقتصادی امداد کے لیے 20 لاکھ روپے سے بڑھا کر 50 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے ۔ دونوں افسران کے خاندان کو غیر معمولی پنشن کے علاوہ ایک ایک رکن کو سرکاری نوکری دی جائے گی”۔دریں اثنا سرکاری ذرائع نے غیر معمولی پنشن کی تشریح کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے تحت اعزہ کو پنشن کے طور پر وہی رقم دی جائے گی، جو شہید اہلکار کے زندہ ہونے کی حالت میں ان کی خدمت کے دوران تنخواہ، الاؤنس وغیرہ کے طور پر حاصل ہوتی ہے ۔ سروس ریٹائرمنٹ کے تاریخ کے بعداعزہ کو خاندانی پنشن فراہم کی جائے گی۔