ممتاز افسانہ نگار شین مظفرپوری یادگاری تقریب کا انعقاد15جولائی کو

پٹنہ، 12جولائی (طارق حسن)۔ اردو ڈائرکٹوریٹ کے ڈائرکٹر امتیاز احمد کریمی نے ایک اخباری بیان جاری کرکے یہ اطلاع دی ہے کہ مورخہ ۱۵؍جولائی ۲۰۱۶ء کو بوقت ۳۰:۲؍بجے دن،بروز جمعہ، ابھیلیکھاگار بھون (نزد۔ بہار پبلک سروس کمیشن)، بیلی روڈ، پٹنہ کے کانفرنس ہال میں بہار کے معروف افسانہ نگار شین مظفرپوری کے یومِ پیدائش کے موقع پر اردو ڈائرکٹوریٹ کے زیر اہتمام ایک یادگاری تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ ڈائرکٹر موصوف نے کہا کہ اپنے اسلاف اور ان کی ادبی و لسانی خدمات کو یاد کرنا اور نئی نسل کو اس سے متعارف کرانا ہماری لسانی و ادبی ذمہ داری ہے۔ شین مظفرپوری نے زندگی کی سچائیوں سے بھرپور بڑے خوبصورت افسانے لکھ کر زبان و ادب کی بیش بہا خدمات انجام دی ہیں۔ شین مظفرپوری کے افسانوں میں نئی نسل کے لئے مثبت پیغامات و نصائح بھی ملتے ہیں۔ اردو زبان و ادب کی ایسی منفرد و ممتاز شخصیت کو یاد کرنے کی غرض سے ’’شین مظفرپوری یادگاری تقریب‘‘ کا انعقاد کیا جارہاہے۔ جناب کریمی نے محبانِ اردو اور شین مظفرپوری کے شیدائیوں سے درخواست کی ہے کہ اس خبر کو ہی دعوت نامہ تسلیم کرتے ہوئے اس تقریب میں شرکت فرمائیں۔ آپ کی شرکت ہماری حوصلہ افزائی اور اس تقریب کی کامیابی کی ضمانت ہوگی۔