منوج سنہا نے دی مغربی چمپارن کو کئی منصوبوں کی سوغات

موتیہاری 13 مئی (محمد ارشد): ریلوے کے وزیر مملکت منوج سنہا نے آج بتیا میں کئی ریل منصوبوں کا سنگ بنیاد اور آغاز کیا۔ جس میں والمیکی نگر، نرکٹیا اور سگولی ، مظفر پور ریل سیکشن کی برق کاری کاکام بھی شامل ہے۔ وزیر ریل نے بتیا اسٹیشن کی توسیع کیلئے بنائے گئے پلیٹ فارم کا بھی افتتاح کیا اور متنازعہ چھاؤنی ریل اوور برج کا سنگ بنیادبھی رکھا۔ منوج سنہا نے ویڈیو کانفرنسنگ اور ریموٹ کے ذریعہ کمار باغ اور رام گڑھوا میں نیا فریٹ ٹرمینل ، رکسول اور ادا پور میں اضافی فٹ اوور برج کا بھی سنگ بنیاد رکھا اور ایک پاسپورٹ مرکز کا بھی افتتاح کیا۔ چمپارن ستیاگرہ کی صد سالہ تقریب کے موقع پر تین یادگاری ڈاک ٹکٹ بھی جاری کئے۔ وزیر ریل نے بتیا جاتے ہوئے باپو دھام موتیہاری میں بھی رکے اور اسٹیشن کے پلیٹ فارم 2 پر واقع مہاتما گاندھی کی گلپوشی کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔