منوج64 کلو زمرے کے پری کوارٹر فائنل میں پہنچے

ریو ڈی جنیریو، 11 اگست (یو این آئی) ہندستانی باکسر منوج کمار نے لتھوانیا کے باکسر اور لندن اولمپکس میں کانسے کا تمغہ جیتنے والے ایولڈس پیٹروسکس کو1۔2 سے مات دے کر مردوں کے 64 کلو گرام لائٹ والٹرویٹ زمرے میں ریو اولمپک کھیلوں کے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی ہے ۔منوج کا اگلا مقابلہ اتوار کو پری کوارٹر فائنل میں ازبکستان کے فضل الدین گینازروف سے ہوگا۔ فضل الدین ن ے 2015 عالمی چیمپئن شپ میں نقرئی تمغہ حاصل کیا تھا اور اسی سال ہوئی ایشیائی چیمپئن شپ کا بھی نقرئی تمغہ جیتا تھا۔ کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے منوج نے بدھ کی شب ہوئے مقابلے میں لندن اولمپک میں کانسہ کا تمغہ حاصل کرنے والے پیٹروسکس کے تینوں راؤنڈ میں جارحانہ پنچوں کا سینہ سپر ہو کر مقابلہ کیا اور تین دور کا میچ 1۔2 سے اپنے نام کر لیا۔ لندن اولمپک میں منوج بھی کھیلے تھے لیکن وہ کوارٹر فائنل میں نہیں پہنچ پائے تھے ۔ قبل ازیں مردوں کی 75 کلوگرام مڈل ویٹ زمرے میں ہندستانی مکے باز وکاس کرشن یادو نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے ۔ ان کے علاوہ آج 56 کلو وزن کے مکے باز شیوا تھاپا ریو اولمپک میں اپنا پہلے مقابلے کے لئے رنگ میں اتریں گے ۔