موبائل کمپنی کے ساتھ تنازعہ پر عدالت پہنچے دھونی

نئی دہلی، 29 جنوری (یواین آئی) ہندوستانی کرکٹر مہندر سنگھ دھونی نے ایک موبائل کمپنی کی طرف سے بغیر کسی معاہدے کے ان کا نام استعمال کئے جانے کے سلسلے میں دہلی ہائی کورٹ میں مقدمہ دائر کیا ہے ۔ دھونی نے کمپنی پر بغیر معاہدے کے انہیں اپنا برینڈ امبیسڈر بتانے پر عدالت کا رخ کیاہے ۔ دھونی کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے دسمبر 2012 میں ہی کمپنی کے ساتھ اپنا عہد نامہ منسوخ کر دیا تھا۔ لیکن اس کے باوجود کمپنی اپنی تشہیر میں ان کا نام استعمال کر رہی ہے ۔ہائی کورٹ نے اس اپیل کے بعد میکس موبلنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے اعلی حکام کو بھی طلب کیا ہے اور ان سے عدالت کے احکامات پر عمل نہ کرنے پر پھٹکار لگائی ہے ۔ عدالت نے سال 2014 میں ہی کمپنی کو اپنے کسی مصنوعات میں دھونی کا نام استعمال نہیں کیے جانے کی ہدایات جاری کی تھی۔ اس کے بعد عدالت نے گزشتہ سال اپریل میں بھی اسی طرح کی ہدایات کی کمپنی کو جاری کئے تھے ۔سابق ہندوستانی کپتان دھونی کے وکیل سچتنو چٹرجی نے عدالت میں دوبارہ سے یہ اپیل کی تھی کہ کمپنی معزز ہائی کورٹ کی ہدایات پر عمل نہیں کر رہی ہے ۔ اس کے بعد ہائی کورٹ نے دوبارہ سے اس معاملے پر نوٹس لیا ہے ۔ واضح رہے کہ دھونی اور موبائل کمپنی کے درمیان دسمبر 2012 میں ہی قرار ختم ہو گیا تھا۔
اس کے بعد عدالت نے کمپنی سے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ سے لے کر ان کی ویب سائٹ سے بھی دھونی کا نام ہٹانے کی ہدایات دی تھی۔ لیکن کرکٹر کی جانب سے الزام لگایا گیا ہے کہ کمپنی اب بھی ان کے نام کا استعمال کر رہی ہے ۔