مودی۔ راؤملاقات کے بعد تلنگانہ ریزرویشن بل کو منظوری

حیدرآباد 24 اپریل (یواین آئی )تلنگانہ کے وزیراعلیٰ چندر شیکھر راؤ نے آج نئی دہلی میں وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ انھوں نے وزیراعظم پر زور دیا کہ زراعت کی آمدنی کے خطوط پر زراعت سے متعلق پیشہ وروں کی ہونے والی آمدنی کو انکم ٹیکس سے مستثنیٰ دیا جائے ۔ انھوں نے وزیراعظم پر زور دیا کہ اس سلسلہ میں قانون سازی کی جائے ۔ ذرائع کے مطابق انھوں نے ریاستی اسمبلی میں حال ہی میں بی سی ای گروپ کے مسلم طبقات کے ریزرویشن کو 12 فیصد کرنے کی قانون سازی سمیت دیگر مسائل سے بھی واقف کروایا۔ وزیراعظم سے تقریباً ایک گھنٹہ کی ملاقات کے دوران انھوں نے مودی پر زور دیا کہ سماجی۔ اقتصادی پسماندگی کی بنیاد پر مسلمانوں کے لئے ریزرویشن میں اضافہ کیا گیا ہے ، نہ کہ مذہب کی بنیاد پر۔ انھوں نے حال ہی میں ریاستی اسمبلی میں منظور ریزرویشن کے بِل کے لئے وزیراعظم سے تعاون کی اپیل کی۔ اس بِل میں مسلمانوں اور ایس ٹی طبقات کے ریزرویشن میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے آندھرا پردیش تنظیم نو ایکٹ 2014ء سمیت ریاست کی اسمبلی کے حلقوں کی حد بندی کرتے ہوئے موجودہ تعداد 119 کو بڑھاکر 153 کرنے کے زیر التواء مسائل پر بھی بات چیت کی۔ چیف منسٹر جو دو دن پہلے قومی دارالحکومت روانہ ہوئے تھے ، گزشتہ روز نیتی آیوگ کی گورننگ کونسل کی میٹنگ میں شرکت کی تھی۔ توقع ہے کہ وہ ریاست کو درپیش مسائل کے سلسلہ میں دیگر مرکزی وزراء سے ملاقات کریں گے ۔ وزیراعلیٰ نے مرکزی وزیر قانون روی شنکر پرساد سے ملاقات کی اور آندھرا پردیش تنظیم نو سے متعلق زیر التواء مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔اس بیچ گورنر نے ریزرویشن میں اضافے کے بل کو اپنی منظوری فراہم کردی ہے۔