مودی حکومت نے منصوبوں کا فائدہ ضرورتمندوں تک پہنچایا : نقوی

نئی دہلی، 16؍جون(آئی این ایس انڈیا )اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے دعوی کیا کہ مودی حکومت کے گزشتہ تین سال محنت ، ترقی اور صفائی بھرپور رہے ہیں اور ہماری حکومت نے اپنے پچھلے تین سال میں ملک کے لوگوں میں صاف ستھرے نظام کا احساس کرایا ہے، جس سے دہلی کے سیاسی گلیاروں کے دلالوں کی ناکہ بندی اور لوٹ لابی پر قدغن لگاہے اور منصوبوں کا فائدہ ضرورت مندوں تک براہ راست پہنچ رہا ہے۔نقوی نے یہاں کہا کہ مودی حکومت کسان، غریب، دلت، اقلیت ، نوجوان اور خواتین سمیت معاشرے کے ہر ضرورت مند کی ترقی کے عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے،سرمایہ کاری کے حساب سے ہندوستان آج دنیا کے سب سے بہترین مقامات میں سے ایک بن گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین سالوں میں ملک کی اقتصادی ترقی کی شرح 7 فیصد سے بھی زیادہ رہی ہے،اقتصادی محاذ پر ہندوستان کی ترقی کو پوری دنیا تسلیم کر رہی ہے۔نوجوانوں کی ترقی کو مرکزی حکومت کی ترجیح بتاتے ہوئے نقوی نے کہا کہ مودی حکومت نے ملک کے نوجوانوں کو ملازمت مانگنے والے سے کام دینے والا بنانے پر زور دیاہے ۔مدرااسکیم ، اسٹینڈ اپ انڈیا ، اسٹارٹ اپ انڈیا ، میک ان انڈیا جیسی اسکیمیں نوجوانوں اور خواتین کو با اختیار بنانے کی ضمانت ہیں۔مدرا اسکیم کے تحت 7کروڑ 45لاکھ کاروباریوں کو 3لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی بغیر گارنٹی قرض دے کر انہیں روزگار کے مواقع مہیا کرائے گئے ہیں، ان میں 70فیصد سے زائد خواتین نے فائدہ اٹھایا ہے ، اس کے علاوہ درج فہرست ذات ، درج فہرست قبائل ، پسماندہ طبقے اور اقلیتوں کا بھی ایک بڑا حصہ شامل ہے۔