مودی سے کشمیر، دلتوں کے مسئلے پر عوام سننا چاہتے ہیں :کجریوال

نئی دہلی، یکم اگست (یو این آئی) دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے وزیر اعظم نریندر مودی سے درخواست کی ہے کہ وہ 15 اگست کو اپنی تقریر میں کشمیر کی صورتحال، دلتوں پر ہونے والے مظالم، کسان کی خودکشی اور دال کی قیمتوں پر ضرور کچھ بولیں۔مسٹر کیجریوال نے آج ٹویٹ کرکے کہا، ”صاحب براہ مہربانی آپ دلتوں پر ہونے والے مظالم، گورکشا،کشمیر، اخلاق ، کسانوں کی جا نے والی خودکشی اور دال کی قیمتوں پر ضرور کچھ بولیں۔ ملک کے عوام اس بارے میں آپ سے سننے کے لئے بیتاب ہیں”۔ دراصل 31 جولائی کو وزیر اعظم نے ایک ٹویٹ کیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ان کی 15 اگست کی تقریر 125 کروڑ ہندوستانیوں کی نمائندگی کرنے والی ہونی چاہئے ۔ اس کے لئے انہوں نے لوگوں سے اپنے خیالات نریندر مودی موبائل اپلی کیشن پر بھیجنے کے لیے کہے تھے ۔ مسٹر کیجریوال نے وزیر اعظم کے اس ٹویٹ پر ری ٹویٹ کرکے آج انہیں مشورہ دیا کہ انہیں کن مسائل پر بولنا چاہیے ۔ مسٹر کیجریوال اور بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کے درمیان حکومت کے آئینی حقوق کے سلسلے میں اکثر کشیدگی رہتی ہے ۔