مودی نے خواجہ معین الدین چشتیؒ کی درگاہ کیلئے بھیجی چادر

نئی دہلی، 24 مارچ (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے اجمیر واقع خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ پر چڑھانے کے لئے چادر بھیجی ہے ۔ مسٹر مودی نے آج یہاں اقلیتی امور کے وزیر مملکت مختار عباس نقوی اور وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت جتندر سنگھ کو خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ پر چڑھانے کے لئے چادر پیش کی ۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا، “خواجہ معین الدین چشتی کے سالانہ عرس کے موقع پر میں دنیا بھر میں ان کے پیروکاروں کے لئے نیک خواہشات اور مبارکباد دیتا ہوں۔خواجہ معین الدین چشتی ملک کی عظیم روحانی روایت کی علامت ہیں۔ غریب نواز نے انسانیت کی خدمت کی جو مثال پیش کی ہے ، وہ یقیناًآنے والی نسلوں کو تحریک دیتی رہے گی۔ آنے والے عرس کے کامیاب انعقاد کے لئے میری نیک خواہشات۔